پاک بحریہ کے دو سینئر افسران کی ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی
ترقی پانے والوں میں ریئر ایڈمرل عامر محمود اور ریئر ایڈمرل امتیاز علی شامل
ہاک بحریہ کے دو سینئر افسران کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں ریئر ایڈمرل عامر محمود اور ریئر ایڈمرل امتیاز علی شامل ہیں۔
ریئر ایڈمرل عامر محمود نے 1992 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور پاکستان نیوی وار کالج لاہور سے فارغ التحصیل ہیں اور آسٹریلیا سے جوائنٹ وارفیئر کورس کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کے الیکشن کمیشن پر الزامات، ای سی پی نے تقاریر کا ریکارڈ مانگ لیا
اپنے سروس کیریئر کے دوران ایڈمرل عامر محمود کمانڈ اور اسٹاف کی متعدد اہم ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کمانڈر جناح نیول بیس، پی این ایس ذوالفقار اور پی این ایس جرات کی کمانڈ شامل ہیں۔
ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں سعودی عرب میں سینئر پاکستان نیول آفیسر، نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس، بحرین میں امریکی سینٹرل نیول کمانڈ میں لائزان آفیسر اور کمانڈر ویسٹ اور کمانڈر کوسٹ کے سینئر اسٹاف آفیسرشامل ہیں۔ ایڈمرل کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔
ریئر ایڈمرل امتیاز علی نے 1993 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور پاکستان نیوی وار کالج لاہور سے فارغ التحصیل ہیں۔
ایڈمرل کمانڈ اور اسٹاف ذمہ داریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں 25 ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ اور کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر اور پی این ایس مجاہد شامل ہیں۔
ان کی اسٹاف تقرریوں میں رومانیہ میں چیف نیول اوورسیر، ڈائریکٹر پاکستان نیوی ٹیکٹیکل سکول، بحرین میں امریکی سینٹرل نیول کمانڈ میں لائزان آفیسر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے اسسٹنٹ پرنسپل اسٹاف آفیسر شامل ہیں۔ ایڈمرل کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور دو مرتبہ تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔