سپریم کورٹ سے ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست مسترد
چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے سندھ حکومت کے وکیل کی درخواست پر سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کےلیے 4 اگست تک وقت دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواست مسترد کردی جبکہ سندھ حکومت کو اس حوالے سے 4 اگست تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔
ایم کیو ایم کے وکیل فروغ نسیم نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنا جواب جمع کرائے ۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت چاہے توجواب جمع کرا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقتدر قوتیں اب بھی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہیں، جاوید لطیف
پنجاب اسمبلی کے بعد ن لیگ کی لاہور کی سڑک پر فاش سیاسی غطلی
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نےکہا کہ حکومت سندھ کوتحریری جواب جمع کرانے کیلئے 2ہفتوں کا وقت دیا جائے۔
عدالت عظمیٰ نے سندھ حکومت کو2 ہفتوں کی مہلت دینے سے انکارکردیا۔
ایم کیوایم کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ 27 اگست کو بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات ہیں، 2ہفتوں کا وقت دیا گیا پھر سندھ حکومت کہے گی پولنگ قریب ہے۔
عدالت نے سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے 4 اگست تک کی مہلت دے دی۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ ہفتے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 24 جولائی کو ہونے والی پولنگ ملتوی کردی تھی، جو اب 28 اگست 2022ء کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ محکمہ موسمیات نے سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث الیکشن کا سامان پہنچانا مشکل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی، حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کا فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ، متحدہ قومی موومنٹ، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنر کی درخواست پر کیا تھا۔جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔