پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف چارج شیٹ جاری کردی
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے چیف الیکشن کمشنر کے تحریک انصاف کے خلاف فیصلے جانبداری اور بغض کی واضح مثالیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد حسین چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی ناانصافیوں کی ایک لمبی فہرست جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی اور ق لیگ کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب
تباہ حال بلوچستان کی خوشحال ترجمان کی فل میک اپ اور دلہن کے لباس میں پریس کانفرنس
فواد حسین چوہدری کا کہنا ہے چیف الیکشن کمشنر کے تحریک انصاف کے خلاف فیصلے بغض اور جانبداری کی واضح مثالیں ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے لکھا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر "ای وی ایم کی مخالفت کی ، اوورسیز ووٹنگ کی مخالفت کی اور سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹنگ کرانے سے انکار کیا۔”
کچھ جھلکیاں pic.twitter.com/7PoX0WYqsd
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 30, 2022
سابق وفاقی وزیر نے لکھا ہے کہ "سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی پیسوں کی ویڈیو پر کارروائی سے انکار کیا ، حتکہ یوسف رضا گیلانی کا نوٹی فیکیشن بھی روکنے سے انکار کیا، یوسف رضا گیلانی کے خلاف شواہد کے باوجود نااہل نہ کرنے کا فیصلہ دیا۔”
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا لکھا ہے کہ ‘فیصل واوڈا کی نااہلی کروائی ، پی ٹی آئی کی طرح ن لیگ اور پی پی کی ممنوعہ فنڈنگ کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت نہیں کی۔”
پی ٹی آئی کے رہنما کے مطابق "کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھائی کو نااہل قرار دیا ، کے پی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو نااہل قرار دیا۔”
فواد چوہدری کا لکھنا ہے کہ "این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں ری پولنگ کرائی ، ضمنی الیکشن میں پولنگ ایجنٹسز دوسرے حلقوں سے لانے پر پابندی لگائی۔ ‘
رہنما تحریک انصاف کا لکھنا ہے کہ "پی پی 7 میں وی کاؤنٹنگ نہ کروانے کا فیصلہ دیا ، وقت ہونے کے باوجود حلقہ بندیاں کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے قبل ازوقت انتخابات نہ ہوسکے۔”
چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ” ضمنی انتخابات میں پری پول دھاندلی پر خاموشی اختیار کی گئی ، ایم پی اے فیصل نیازی کےاستعفے کو منظوری نہیں دی ، پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹی فیکیشن جاری نہیں کیاگیا۔”
پی ٹی آئی کے رہنما فواد حسین چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ "منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف ریفرنسز کو مسترد کردیا ، فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے گئے۔”