ای سی پی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنائے گا، عمران خان کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے تو دہراتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو ای سی پی  کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا

الیکشن کمیشن پاکستان نے تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل صبح 10 بجے سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف  کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن  پاکستان کے سامنے پرامن احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔  سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کے طرز عمل کے خلاف پرامن احتجاج کرے گی۔

اسلام آباد میں پارٹی کی قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف چیف الیکشن کمشنر کے جانبدارانہ طرز عمل کے خلاف جمعرات کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے ۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف چارج شیٹ جاری کردی

سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن پر متعصب اور بے ایمان ہونے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی۔

پی ٹی آئی  چیف عمران خان نے کہا کہ ہندوستان اور ایران جیسے ممالک الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کررہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے ای سی پی کے سربراہ نے ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کرانے سے انکار کیا ہے۔

سربراہ تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا  کے فوری استعفے کے مطالبے تو دہراتے ہوئے کہا کہ  جمعرات کو ای سی پی آفس کے باہر چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کے طرز عمل کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا ۔

جبکہ دوسری جانب خیبر پختونخواہ اسمبلی نے آج چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر راجہ سلطان کے خلاف ایک قرارداد منظور کی اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیر تیمورخان جھگڑا کی پیش کی گئی قرارداد میں چیف الیکشن کمشنر اورالیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دیگر حکام کے استعفوں کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر