کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران ہیلی کاپٹر سمیت بلوچستان میں لاپتہ
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بلوچستان میں سیلاب زدگان بھائیوں کی امدادی کارروائیوں میں مصروف اعلیٰ فوجی افسران کا ہیلی کاپٹر کل شام کوئٹہ سے کراچی پرواز کے دوران لاپتا ہوا۔
بلوچستان میں سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف ہیلی کاپٹر لاپتا ہو گیا ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بلوچستان میں کور کمانڈر سرفراز علی سمیت 6 افسران اور آرمی کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وطن کے بیٹوں کی خیریت کی دعا کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ریلوے افسران کا احسن اقدام، فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک روز کی تنخواہ جمع کروائیں گے
ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب چوہدری خلیق الزمان اپنے عہدے سے مستعفی
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ "ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 اہلکار سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر کوئٹہ سے کراچی جا رہا تھا کہ لسبیلہ میں اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ "بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی امدادی کارروائی میں حصہ لینے والا پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا ہے۔”
آئی ایس پی آر کے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ "ہیلی کاپٹر میں 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران سوار تھے۔ لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔”
واضح رہے کہ پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور اور پاکستان نیوی کے جوان سیلاب سے متاثرہ صوبے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے اب تک 150 سے زائد افراد ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سیلاب سے لسبیلہ اور سندھ کا رابطہ منقطع ہونے سے متعدد سڑکیں اور پل بہہ گئے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں قلعہ سیف اللہ، چمن اور کوئٹہ کا دورہ کیا اور مکینوں سے ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر میں لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت چھ افسران سوار تھے۔
لاپتا ہونے والے جوانوں کے ناموں کی تفصیل
1: کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی
2: ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد۔
3: کمانڈر انجینئرز 12 کور بریگیڈیئر خالد۔
4: میجر سعید (پائلٹ)۔
5: میجر طلحہ (کو-پائلٹ)۔
6: کریو چیف نائیک مدثر۔
سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف ہیلی کاپٹر لاپتا ہونے پر صدر مملکت عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے نکلنے والے ان بیٹوں کی سلامتی کے لیے دعاگو ہے ۔
بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 1, 2022
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تمام صوبائی گورنرز نے بھی ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ہیلی کاپٹر میں سوار وطن کے بیٹوں کی سلامتی کے لیے دعائیں۔
کمشنر قلات داؤد خلجی کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں ایف سی ، پولیس اہلکار اور لیویز اہلکار بھی شامل ہیں،علاقے کے مقامی افراد بھی مدد کررہے ہیں ، سسی پنوں اوتھل سے 120 کلو میٹر دور پہاڑی علاقے ہے ۔
ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کا کہنا ہے پہاڑی علاقے کی وجہ سے تلاش میں دشواری پیش آرہی ہے/