حکومت کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو میدان میں

ذرائع نیوز 360 کے مطابق سابق صدر نے حالیہ دورہ یو اے ای میں حکومت پاکستان کی معاونت کے لیے اہم ملاقاتیں کی ہیں اور سرمایہ کاروں کو رام کیا ہے۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو بھی معاشی بحران میں  حکومت کےلیے دست و بازو بننے لگے،  آصف علی زرداری دورہ متحدہ عرب امارات میں اہم ملاقاتیں کرکے  مفتاح اسماعیل کے لیے آسانیاں  پیدا کرنے کا سبب بن گئے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے ڈو مور کا ایک اور مطالبہ کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ  اگر پاکستا ن دوست ممالک سے 4 ارب ڈالر کی فنڈنگ کا اہتمام کرلیتا ہے تو ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کے لیے مثبت رویہ اختیار کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری، 24 اگست کو بورڈ میٹنگ بلانے کاامکان

ملک میں مہنگائی نے 14 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا، شرح 24.9 فیصد پر پہنچ گئی

ملک کے اعلیٰ و مقتدر معاشی حلقوں کے ذرائع نے نیوز  360 کو بتایا کہ ڈالر کے ریٹ کو کم کرنے اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی میدان میں کود گئے ہیں۔

ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی  زرداری نے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں حکومت پاکستان کی معاونت کے لیے اہم ملاقاتیں کی ہیں اور متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ سرکاری شخصیات سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور خاص طور پر  توانائی کے شعبے میں پاکستان کو مختلف پیکجز ، آر ایل این جی کے بجلی گھروں ، او جی ڈی سی ایل ، پی پی ایل اور ماری پور گیس کے شیئرز کی فروخت اور امریکا  میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی نج کاری میں سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں کی ہیں۔

نیوز 360 کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کی ان کوششوں کے خاطرخواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں اور آنے والے دنوں میں معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آئیں گی۔

آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی اور موجودہ مالی بحران اور ڈالر کی قلت کو دور کرنے کےلیے بلاول بھٹو بھی سفارتی محاذ پر متحرک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو موجودہ معاشی حکمت عملی پر بیرون ممالک میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے لیے وکالت کرتے پھر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر