ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ: وفاقی وزراء اور اتحادی رہنماؤں کی پریس کانفرنسز کا سلسلہ جاری
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد سے اب تک ڈیڑھ درجن سے زائد پریس کانفرنسز کی جاچکی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد وفاقی وزرا اور حکومت میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے یکے بعد دیگرے پریس کانفرنسز کی گئیں جن کی تعداد دو دنوں کے دوران ڈیڑھ درجن سے زائد بنتی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ منگل کی صبح سنایا گیا تھا۔
جس کے بعد جہاں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں وہاں وفاقی وزرا اور حکومتی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی پریس کانفرنسوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیے
کل کسی نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی کوشش کی تو پھر گلہ نہ کرے، رانا ثناء اللہ
حکومت کا پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ
آج وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، مسلم لیگ نواز کے رہنما محمد زبیر اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فردِ جرم ہے ، ثابت ہوچکا ہے کہ یہ غیر ملکی ایجنٹ اور کٹھ پتلی ہے ، صرف عمران خان مجرم نہیں بلکہ پورا ٹبّر مجرم ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللّٰہ تارڑ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ذات تضادات کا مجموعہ ہے، انہیں بھارتی، اسرائیلی اور امریکی شہریوں نے فنڈنگ کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھاکہ عمران خان بیرونی فنڈنگ سے ملکی معیشت کے ساتھ کھیل رہا تھا، عمران خان بہروپیے کا نام تھا، جس نے سفارتی محاذ پر کچھ نہیں کیا، اس کی وجہ بھارتی شہریوں سے فنڈز لینا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے5 ، 10 سیٹوں کی قربانی دےکر 22 کروڑ عوام کامستقبل بچایا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہناتھا کہ عمران خان ہر چیز کا الزام مخالفین پر لگاتے ہیں،عمران خان آئین شکن ہے، انہیں جب موقع ملا ، انہوں نے آئین توڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو غلط کام کرتے ہیں اس کا الزام مخالفین پر لگاتے ہیں، خود معیشت کو وینٹی لیٹر پر چھوڑ کرگئے، اب اس کے گناہ ہمارے سر پر آگئے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ اہم سوال ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ عمران خان کو کس مقصد کے لیے کی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ عمران خان پانچ سال مسلسل جھوٹ کا سہارا لیتے رہے، توقع تھی کہ پی ٹی آئی والے پکڑے گئے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ تحریک انصاف والوں نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکوانے کی کوشش کی، ہم سمجھے تھے کہ یہ لوگ تھوڑا بہت شرمندہ ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ثابت ہوئی ہے اور عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں۔ ’دوسروں پر چپڑاسی اور گول گپے والوں کا الزام لگاتے تھے اب ان کے اپنے چپڑاسیوں کے نام سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈزون میں کسی کو بھی احتجاج کی اجازت نہیں، تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے خلاف ریڈ زون کے بجائے ایچ نائن پارک میں پرامن احتجاج کرسکتی ہے۔









