لاہور میں تحریک انصاف کا جلسہ: عمران خان نے ملک گیر تحریک کا اعلان کردیا
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے میرا عوام کو پیغام ہے کہ آپ نے خوف میں مبتلا نہیں ہونا کیونکہ خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اس امپورٹڈ حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے جارہا ہوں ، اگر آپ کا کپتان خوفزدہ نہیں ہے تو پھر آپ کو بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنی عوام سے کہتا ہوں اگر آپ کو کوئی ڈرائے تو آپ نے ڈرنا نہیں ہے، آج مجھے آپ سب کو حقیقی آزادی کا روڈ میپ دینا ہے۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا تھا انگریزوں کی غلامی سے نکل کر ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا ، قائداعظم نے کہا تھا مسلمان ہمیشہ آزادی کی خاطر لڑتا ہے ، بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد پاکستان بنا ہے ، سب سے خطرناک خوف کا بت ہوتا ہے جو انسان کو غلام بنا دیتا ہے ، ایسے بہت سے لوگوں کو جانتا ہوں جن کے خاندان بارڈر کراسنگ پر مارے گئے۔ کبھی بھی ایک غلام قوم اوپر نہیں آسکتی۔ غلامی انسان کی عزت نفس کو ختم کردیتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا انسان کے اندر خوداعتمادی جب آجاتی ہے تو جیت اس کا مقدر بن جاتی ہے ، ہم بہت سارے میچز ہار جاتے تھے کیونکہ ہمارے اندر بعض اوقات خوداعتمادی ختم ہو جاتی تھی ، ہم احساس کمتری کی وجہ سے میچز ہار جاتے تھے۔ انگلینڈ گیا تو سینئر کھلاڑی کہتے تھے سوچنا بھی نہ کہ انگریز کو ہرا سکتے ہو ، خود کی غلامی سب سے بڑی غلامی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا آج پاکستانیوں آپ کو خوف میں مبتلا کیا جارہا تاکہ ہم اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرلیں۔
پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا سندھ کا ڈاکو زرداری سندھ کی غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جاتا ہے ، رداری نے سندھ کی عوام پر بےپناہ ظلم کیا ہے ، اب زرداری کا صحیح طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے کراچی آرہا ہوں ۔ آج کے جلسے کے بعد اگلا جلسہ کراچی کرنے جارہا ہوں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا اپنی پارٹی اور اس کی تنظیموں سے کہہ رہا ہوں تیاری کریں۔ میں عوام میں نکل رہا ہوں اور اپنی عوام کو تیاری کروا رہا ہوں۔ اسلام آباد ، پشاور ، مردان ، اٹک ایبٹ آباد ، کراچی ، سکھر ، حیدر آباد ، گوجرانوالہ ، ملتان ، بہاولپور ، سرگودھا ، جہلم ، گجرات ، فیصل آباد اور کوئٹہ میں بھی آرہا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا مجھے ہر طرح سے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، بڑے بڑے میڈیا ہاوسز اس کام پر لگے ہوئے ہیں ، حق اور سچ کی آواز اے آر وائی کو بند کردیا گیا ، میرے خلاف گندی کتابیں لکھوائی گئیں ، میرے مخالف 26 سال سے میری کردار کشی کررہے ہیں۔