پاک بحریہ کے زیراہتمام پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا انعقاد

پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالیے۔

کراچی: پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ یونیفارم میں ملبوس پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالیے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کموڈور محمد خالد نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، گارڈ کا معائنہ کیا اور پاک بحریہ کے دستے کے ہمراہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے گارڈز کی تعیناتی کے بعد مہمان خصوصی نے چیف آف دی نیول اسٹاف، پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے بابائے قوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔

یہ بھی پڑھیے

فوج کے خلاف منفی مہم چلانے والے پی ٹی آئی عہدیدار منیب کیانی نے معافی مانگ لی

دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے بعد پاک بحریہ کی یونٹس میں قائم مساجد میں ملکی یکجہتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور تنصیبات میں روایتی انداز میں چراغاں کیا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوادر، اورماڑہ اور سجاول میں پاک بحریہ کی یونٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔

صبح کا آغاز قومی ترانے اور پاک بحریہ کے بینڈز کی شاندار پرفارمنس سے ہوا جبکہ پاک بحریہ کی یونٹس میں یوم آزادی کی متعدد تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

جشن آزادی واک، بوٹ ریلیاں، شجر کاری، حفظ و قرات اور مختلف کھیلوں کے مقابلے، یوم آزادی کی ریلیوں سمیت سکول کے بچوں اور خواتین کی طرف سے یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف ٹیبلوز کا انعقاد بھی دن بھر کی تقریبات کا حصہ رہے۔

یوم آزادی کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور سویلینز کو فوجی اور سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔ ایوارڈز میں 02 ہلال امتیاز (ملٹری)، 04 ستارہ امتیاز (ملٹری)، اور 06 تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔ جبکہ امتیازی سند کے 01 اور تمغہ خدمت (ملٹری) کے 86 ایوارڈز ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز کے لیے منظور کیے گئے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے 19 افسران، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور سویلینز کے لیے تعریفی خطوط کی منظوری دی گئی۔

مزید براں پاک بحریہ کی جانب سے یوم آزادی پر کسی بھی جارحیت کے خلاف وطن کی بھرپورحفاظت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر