عراقی و ایرانی زائرین کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے، ساجد طوری کا بلاول سے مطالبہ

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ عراقی حکومت سے 40 سال سے کم عمر کے زائرین کے ویزوں پر عائد پابندی ختم جبکہ ایرانی ملٹی انٹری ویزے کیلئے  وہاں کی حکومتوں   سے بات کی جائے

وفاقی وزیربرائے سمندر پارپاکستانی ساجد حسین طوری کا کہنا ہے کہ اربعین کے موقع پرلاکھوں پاکستانی زائرین امام حسین علیہ السلام کے مزار مبارک کی زیارت کیلئے عراق جاتے ہیں جن کو ویزوں کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے جامع پالیسی مرتب کی جائے۔

وفاقی وزیربرائے سمندرپارپاکستانی ساجد حسین طوری نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سےعراق اورایران جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تحویل مجرمان کا مشروط معاہدہ طے پاگیا

وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانی ساجد حسین طوری نے بلاول بھٹو زرداری کوخط لکھا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ زائرین کیلئے جامع پالیسی مرتب کی جائے جسکے تحت سالار کو تمام زائرین کو وطن واپس لانے کا پابند کیا جائے۔ زائرین کو واپس نہ لانے والے سالاروں کے خلاف ہیومن ٹریفکنگ کی قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اربعین کے موقع پر ہرسال لاکھوں پاکستانی زائرین امام حسین علیہ السلام کی زیارت کیلئےعراق جاتے ہیں جن کو ویزوں کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستانی زائرین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اور زائرین کی سہولیات کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی سفارش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ سینکڑوں خواہشمند حضرات ان کے دفتر ملنے آرہے ہیں جن کو حل طلب مشکلات درپیش ہیں۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بعض لوگ زیارت کے بہانے عراق اور ایران جاتے ہیں اور واپس پاکستان نہیں لوٹ آتے اور ایسے مٹھی بھر لوگوں کی وجہ سے حقیقی زائرین تکالیف اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ ایران اور عراق کے سفارتخانوں کے لیے ایسے لوگوں کی سکروٹنی کرنا مشکل ہے کہ کون زائر ہے اور کون زیارات کے بہانے وہاں کام کرنے جا رہے ہیں اس لئے انہوں نے ویزہ دینے کا  عمل سخت کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر ساجد طوری نے  وزیر خارجہ سے اپیل کی  ہے کہ عراقی حکومت سے چالیس سال سے کم عمر کے زائرین کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کروائی جائے اور پاکستانی زائرین کے لئے ایران کا ملٹی انٹری ویزا دینے پر وہاں کی حکومت سے بات چیت کی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کے نام خط میں ساجد حسین طوری نے لکھا ہے کہ زائرین کو لے جانے والی پاکستانی بسوں کو ایران اور عراق میں داخلے کی اجازت دلوائی جائے اور زائرین کے لیے مہران یا چیلمچی بارڈر کے ذریعے عراق جانے والے زمینی روٹ بحالی کئے جائے۔

دراین اثنا ساجد حسین طوری کو وزارت خارجہ نے بتایا کہ ملٹی انٹری ویزہ کے متعلق ایرانی حکام سے بات چیت ہوچکی ہے اور عنقریب پاکستانی زائرین کو ایران کے ڈبل انٹری ویزے جاری کئے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر