عمران خان نے راولپنڈی جلسے میں آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے  26 سالہ سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ پاکستانیوں کو بطور زندہ قوم دیکھ رہا ہوں۔ شہباز گل پر تشدد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے نیوٹرلز کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں چوروں کے ساتھ نہیں۔ کہتے ہیں اگر شہباز گل پر کیس بن سکتا ہے تو فضل الرحمان ، نواز شریف ، رانا ثناء اللہ اور خواجہ آصف بھی کیس بن سکتا ہے۔ کل راولپنڈی جلسے میں قوم کو اپنا آئندہ کا روڈ میپ دوں گا۔

اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل سے اظہار یکجہتی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا شہباز گل کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے ، قوم میں شعور آگیا ہے ، جو مرضی کرلیں عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے ، شہباز گل کے ساتھ جو کچھ ہوا قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں ، خوفزدہ کرکے لوگوں کو غلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ پنجاب کی لیڈرشپ کے اسلام آباد میں ڈیرے، ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا جو بھی حقیقی آزادی کے راستے میں آگئے بہہ جائے گا، اب پاکستان حقیقی آزادی کی جانب بڑھ رہا ہے ، ہماری جنگ آئین کی بالادستی کے لیے ہے۔ آج عوام حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے نکلے ہیں۔ یہ ہمارے لیے فیصلہ کن وقت ہے۔ خوف کے بت کے سامنے آج جھک گئے تو ہمارے سامنے غلامی ہو گی۔ ہم سب نے ملکر اس ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔ بیرونی سازش کے تحت چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا 26 سالہ سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ پاکستانیوں کو بطور زندہ قوم دیکھ رہا ہوں۔

دبنگ خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آئی جی ، ڈی آئی جی اسلام آباد تمہیں نہیں چھوڑیں گے تمہارے اوپر کیس کرنا ہے ، مجسٹریٹ زیبا صاحبہ آپ بھی تیار ہو جائیں آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا اسلام آباد پولیس سے پوچھا کہ یہ تم لوگوں نے کیا ہے؟ تو جواب ملا ہم نے کچھ نہیں کیا ، ہمیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس سے جب پوچھا تو جواب آتا ہے کہ ہمیں پیچھے سے حکم ملا تھا ، اسلام آباد پولیس کہتی ہے ہمیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔

نیوٹرلز کا ایک مرتبہ پھر ذکر کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا میں نیوٹرلز سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ واقعی نیوٹرل ہیں۔؟ نیوٹرلز کو غیرملکی سازش کا پتا چل گیا مگر پھر بھی وہ پیچھے جاکر بیٹھ گئے۔ نیوٹرلز کو ایک مرتبہ پھر کہتا ہوں کہ چوروں کے ساتھ نہ کھڑیں ہوں۔

خطاب کے دوران عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر شہباز گل پر مقدمہ بن سکتا ہے تو پھر نواز شریف ، خواجہ محمد آصف ، مولانا فضل الرحمان اور رانا ثناء اللہ پر بھی مقدمات بنائے جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا شہباز گل پر تشدد اور برا سلوک ہمیں غلام بنانے کے لیے کیا گیا۔ اگر یہ سلوک شہباز گل کے ساتھ کرسکتے ہیں تو پھر کسی کے ساتھ بھی کرسکتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا پنجاب حکومت صرف حمزہ شہباز کو ہٹانے کے لیے حاصل کی ، پنجاب میں پولیس کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو چڑیا گھر سے کال آجاتی ہے۔

متعلقہ تحاریر