پاک بحریہ کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

پاک بحریہ کے اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو راشن ، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل اشیاء بھی مہیا کیں۔

کراچی: پاک بحریہ کا سندھ کے دور دراز دیہی علاقوں میں انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لئے آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

پاک بحریہ سندھ کے مختلف علاقوں بشمول سجاول ، جاتی ، سید پور ، سہتو گوٹھ ، لوتھیو گوٹھ ، جمالی گوٹھ ، ملاح گوٹھ ، پنہور گوٹھ ، اڑکی ، اتھل ، لاکھڑا ، مرید کھوسو، پیر جھلو، کیٹی بندر، شاہ بندر، چوہڑ جمالی، گھوٹکی، پیر دینو شاہ ، سائیں داد علیانی اور میر پور خاص میں مصروف عمل ہے۔

پاک بحریہ کے جوان سیلاب کے باعث اپنے گھروں میں محصور افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی روپیہ پھر گردش ایام کا شکار، ڈالر اوپن مارکیٹ میں 3 روپے مہنگا ہوگیا

صحافی کب تک ایک دوسرے کو پٹتادیکھ کر ہنستے رہیں گے؟ مطیع اللہ جان کا سوال

پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں کی جانب سے جاتی اور پیر دینو شاہ کے علاقوں میں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں.

پاک بحریہ کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیمیں مقامی افراد کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنا رہی ہیں۔

پاک بحریہ کے اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو راشن ، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل اشیاء بھی مہیا کیں۔

پاک بحریہ سول انتظامیہ اور فلاحی اداروں کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی مسلسل مدد کر رہی ہے اور ان کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ سندھ کے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن مشکل کے شکار ہم وطنوں کی بھرپور امداد کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔

متعلقہ تحاریر