وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس پر سے پابندی ہٹانے کا اعلان
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہیں۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمانہ کھیلوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں تمغے جیتے والے کھلاڑیوں کے گاؤں کو مثالی گاؤں بنایا جائے گا۔
دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ دونوں کھیلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاک بھارت ٹاکرے سے قبل بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی ملاقات
فٹبال فیڈریشن کا مرد اور خواتین فٹبالرز کو یکساں معاوضہ دینے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھاکہ سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے والے کھلاڑیوں پر قوم کو فخر ہے۔ کھلاڑیوں نے جس قابل فخر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمانہ کھیلوں پر پابندی ختم کی جارہی ہے تاکہ محکموں کے درمیان کھیلوں میں مسابقت کو بڑھایا جائے اور کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کھلاڑیوں کے والدین اور قوم کی دعاؤں، اساتذہ اور کوچز کی محنت، ان کی اپنی کھیلوں سے لگن اور دن رات محنت کا نتیجہ ہے، ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی آئندہ بھی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کھیلوں کے حکام کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے ٹیم ورک اور کوششوں نے قوم کو یہ دن دکھایا ہے، اسی طریقہ سے اقدامات جاری رکھے جانے چاہئیں اور نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنے چاہئیں، یہ قوم بڑی جری اور ہمارے بچے بڑی ہمت والے ہونہار بچے ہیں اور ان میں زیادہ کھلاڑیوں کا تعلق شاید امیر گھرانوں سے بھی نہیں ہے لیکن یہ عظیم پاکستانی ہیں، اسی طرح کھیلوں کے شعبہ میں ٹیلنٹ کی تلاش کی جائے تو یہ بہت بڑی قومی خدمت ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے اپنے گاؤں کو مثالی گاؤں اور سکول اور ہسپتال جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، مثالی گاوں کی پالیسی پہلے موجود تھی لیکن پھر اسے ختم کر دیا گیا تھا لیکن ارشد ندیم کے گاؤں میں یہ ساری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اسی طرح کی سہولیات دیگر کھلاڑیوں کے دیہات میں بھی فراہم کریں گے، امید ہے کہ جن کھلاڑیوں نے کانسی اور چاندی کے تمغے حاصل کئے ہیں وہ آئندہ سونے کے تمغے جیتیں گے اور سونے کے تمغے جیتنے والے پلاٹینم میڈل لیں گے، ہمت کریں گے تو ترقی آپ کے قدم چومے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے انعام کی رقم میں یقیناً اضافہ ہونا چاہئے اور یہ اضافہ کیا بھی جائے گا لیکن اس وقت ملک کو سیلابی صورتحال کے باعث بڑا چیلنج درپیش ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی صورتحال کے باعث بڑا چیلنج درپیش ہے، سیلاب متاثرین کو دوبارہ گھروں میں آباد کرنے کیلئے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں، کروڑوں لوگ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں ان کیلئے مزید رقوم چاہئیں، انہیں دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں الطاف الرحمن، شاہ حسین شاہ، عنایت اﷲ، علی اسد، زمان انور، شریف طاہر، محمد انعام، نور دستگیر بٹ اور ارشد ندیم شامل ہیں۔