آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت چاروں صوبوں میں فوج تعینات
سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا گیا ہے۔
ملک کے سیلاب سے متاثرہ چاروں صوبوں میں فوج تعینات کردی گئی جو سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے گی ، جبکہ سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کے لیے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ کا نوٹی فیکیشن
وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوجی دستے صوبوں میں تعینات کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے چاروں صوبوں کی جانب سے فوج سے مدد کے لئے ریکوزیشن دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں سیلاب ، قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگا
وزارت داخلہ کے مطابق فوج کے دستے بارشوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعینات کئے جائیں گے جو ریسکیو، ریلیف، بحالی میں معاونت کریں گے۔
وزارت داخلہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبوں میں فوج تعینات کرنے کی سمری کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی گئی۔
پی ٹی اے کا نوٹی فیکیشن
دوسری جانب سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ شہری موبائل فون سے "فنڈ” لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے نوٹی فیکیشن کے مطابق تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے حکم پر پی ٹی اے نے نوٹی فیکیشن جاری کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن سیلاب کی صورتحال میں اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر حضرات اور اداروں سے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لئے ‘وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022’ قائم کیا گیا ہے ، عوام ‘وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ’ اکاؤنٹ نمبر G-12164 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔