پی ٹی آئی سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ کی حکمت عملی پر غور کر رہی ہے، اسد عمر

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سیلاب زدہ علاقوں کی کڑی نگرانی کریں ، جہاں پر لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ ہماری جماعت نے سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ شروع کرنے کے لیے حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل خطرے میں، پی ٹی آئی کا اشارہ کہیں ہے نشانہ کہیں

پاکستان میں سیلاب ، قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگا

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختون خوا کے علاقے نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان ، کالام اور چارسدہ کو بھی متاثر کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا پاکستانی قوم قدرتی آفات کے بعد عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیشہ ہنگامی حالات میں متحد رہی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سیلاب زدہ علاقوں کی کڑی نگرانی کریں ، جہاں پر لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کے پی کا دورہ کیا ہے اب وہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کو عمران خان کی جانب سے فنڈ ریزنگ کے لیے کالز موصول ہو گئی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ اور عطیات کے بہترین استعمال کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کو صوبوں سے بھی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور امکان ہے کہ آج فیصلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا تھا کہ انہیں سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ شروع کرنے کے لیے عوام کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے، تاہم سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا مکمل تخمینہ ملنے تک فنڈ ریزنگ شروع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے منصوبوں پر عطیات خرچ کرنے سے پہلے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گے ۔ عمران خان نے وفاقی حکومت سے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ تحاریر