تمام طرح کی سازشوں کے باوجود بین الاقوامی برادری اور پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتماد کا اظہار

معزول وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف نے تین گھنٹے کی لائیو ٹیلی تھون کے دوران سیلاب متاثرین کے لیے ملک اور عالمی سطح پر 5 ارب روپے سے زائد رقم جمع کرلی۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیر کی رات تین گھنٹے تک جاری رہنے والی براہ راست ٹیلی تھون کے دوران پاکسانی سیلاب زدگان کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کی رقم اکٹھی کرلی ، نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے چار دن سے قائم فلڈ ریلیف فنڈ میں ابھی 23 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں ، یہ ہے عوام کے اعتماد کا فرق۔

اس بات کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیر کی رات دیر گئے ایک ٹویٹ میں ٹیلی تھون میں جمع ہونے والی کل رقم کا اعلان کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ایک بین الاقوامی ٹیلی تھون میں سیلاب زدگان کے لیے فنڈز اکٹھا کریں گے۔

ٹیلی تھون کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے ، جس کی لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ، ان کی بحالی کے کاموں کے لیے پیسہ درکار ہے۔

ٹیلی تھون سے قبل پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے پاکستانی عوام بشمول سمندر پار پاکستانیوں سے فنڈ ریزنگ پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور جو کچھ ہو سکے عطیہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

معزول وزیراعظم عمران خان ایک ایماندار شخصیت کی طور پر پاکستانی عوام اور بین الاقوامی سطح پر جانے جاتے ہیں۔

معروف صحافی مبشر زیدی نے عمران خان کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ مبشر زیدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام لکھا ہے کہ "کوئی اور لیڈر ایسا نہیں کرسکتا۔”

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معمول سے زیادہ بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں انسانی المیے کو جنم دیا ہے ، یہ تمام پاکستانیوں کے لیے آزمائش کا وقت ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جمع ہونے والے عطیات کا انتظام ان کی سابق معاون برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کریں گی اور رقم پاکستان کے تمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں برابر تقسیم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر کو براہ راست نشر کرنے پر پیمرا کی پابندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے معطل کردیا تھا۔ عدالت نے پیمرا کو حکم دیا تھا کہ عمران خان کی براہ راست نشریات پر پابندی ناقابل قبول ہیں اس لیے فوری طور پر پابندی ہٹائی جائے۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب پاکستان تحریک انصاف نے سیلاب متاثرین کے لیے عمران خان کے بین الاقوامی ٹیلی تھون کے براہ راست ٹیلی کاسٹ کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبر پختون خوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین سے بات چیت بھی کی تھی۔

دوسری جانب پاکستانی حکومت نے ملک میں سیلاب سے ہونے بڑے پیمانے پر تباہی سے نکلنے کے لیے عالمی برادری اور پاکستانی مخیر حضرات سے عطیات کی اپیل کی ہے۔

رقم کی وصول کے لیے حکومتی سطح پر فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا گیا ہے اور بینک اکاؤنٹ بھی شیئر کیا ہے، تاہم نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق ابھی وزیراعظم شہباز شریف کے قائم کردہ فلڈ ریلیف فنڈ میں 23 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں ، فنڈ کو قائم ہوئے چار روز گزر گئے ہیں ، جبکہ دوسری جانب سیلاب متاثرین کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تین گھنٹے کی لائیو کوریج کے دوران 5 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہو گئی ہے، یہ فرق ہے عوام کے اعتماد کا کہ ایک جانب ابھی تک 23 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں تو دوسری جانب تین گھنٹے میں 5 ارب روپے جمع ہو گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر