سیلاب کی معاشی تباہ کاریاں، وزیراعظم نے عوام کو کچھ امید دے دی

شہباز شریف نے کہا ہے ہمیں عوام کی تکالیف کا احساس ہے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں  کو فوری ریلیف کے لیے 25 ہزار روپے فی خاندان دے رہے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں ، 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ادا نہیں کرنے پڑیں گے ، تیل کی قیمتیں بڑھانا تکلیف دہ عمل ہے مگر ہم مجبوراً ایسا کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کے لیے فی خاندان 25 ہزار روپے دے رہے ہیں۔ جو سیلاب آیا اس سے بڑا سیلاب آج تک نہیں دیکھا۔ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ، لاکھوں گھر پانی میں بہہ گئے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان

دہشتگردی کیس ، عمران خان کی ضمانت میں 12 ستمبر تک مزید توسیع

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے تحت اب تک 28 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں، دوست ممالک ہماری دل کھول کر مدد کررہے ہیں۔ ہماری درخواست پر قطری حکومت نے کہا کہ ہم حاضر ہیں۔ قطری حکومت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ہمیں اب چھینک بھی آئی تو آئی ایم ایف سے پوچھنا پڑے گا ، تیل کی قیمتیں بڑھانا تکلیف دہ حقیقت ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف سے پوچھنا پڑا ، اس سال ہمیں 20 ارب ڈالر کا تیل منگوانا پڑا۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبوراً کرنا پڑا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے تو موجودہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہونا چاہیے۔ آئی ایم ایف سے قرض لینے کے لیے ناک لکریں لگانا پڑیں۔ تعویز گنڈے ، جادو ٹونے اور پھونکوں سے کام نہیں چلنے والا۔

عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ادا نہیں کرنے پڑیں گے ، خزانے کھودنے کی بجائے ہم نے اپنے اربوں روپے ضائع کردیئے۔ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف پر کھل کر تنقید کے تیز چلاتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عوام بھوک سے مررہی ہے ، یہ ہمیں ہر روز چور اور ڈاکو کے بھاشن دیتا ہے ، عمران خان چاہتا تھا کہ پاکستان سری لنکا بن جائے ، اس کے پاس کھلا ہاتھ تھا ، اس نے تباہی بربادی کرکے ملک ہمارے حوالے کیا۔

عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دیتے ہوئے شہباز شریف کہنا تھا اس سے بڑا جھوٹا اور پاکستان دشمن شائد ہی کبھی پیدا ہوا ہو۔ یہ اس دن پیدا ہواتھا جس دن شائد ساری دنیا میں سارے لوگ جھوٹ بول رہے تھے۔ میں پوچھتا ہوں کس منہ سے لوگوں کو چور اور ڈاکو کہتے ہو؟

انہوں نے کہا کہ نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ تھا۔ ہمارے ممبران کو جیل تک پہنچانے میں یہ آخری حد تک گئے ، رعونیت کے ساتھ ہمارے خلاف مقدمات بنائے گئے ، آرٹیکل 6 تک گئے۔

متعلقہ تحاریر