پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی ایما پر پولیس غیرقانونی طورپر صحافیوں کو گرفتارکرنے لگی

سندھ پولیس نے میرپورماتھیلو گھوٹکی میں ریلیف کیمپ سے غیرمسلم سیلاب متاثرین کوبے دخل کرنے کی خبر دینے والے نجی ٹی وی کے صحافی نصراللہ گڈانی کو گرفتار کرکے عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا تاہم خبریں نشر ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نیند سے جاگے اور صحافی کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میرپورماتھیلو گھوٹکی میں ریلیف کیمپ سے غیرمسلم سیلاب متاثرین کو بے دخل کرنے کی خبر دینے والے   نجی ٹی وی چینل گرفتار صحافی نصراللہ گڈانی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

نجی ٹی وی چینل سماء کے صحافی سنجےسدھوانی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں بتایا کہ پولیس نے صحافی نصراللہ گڈانی کو میرپورماتھیلو گھوٹکی میں ریلیف کیمپ سے غیرمسلم سیلاب متاثرین کوبے دخل کرنے کی خبر دینے پر گرفتارکرلیا ۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب حکومت میں دو صحافی زیرعتاب، ایک خلاف ایف آئی آر درج دوسرے کو قتل کی دھمکی موصول

انہوں نے ایک تصویر شیئر کی  جس میں پولیس اہلکارایک شخص کا چہرہ کپڑے سے چھپا کر ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا کرلے جاتے دیکھا جاسکتا ہے ۔

سنجے سدھوانی نے بتایا کہ یہ وہ  شخص ہے جس نے ریلیف کیمپ  سے غیرمسلم سیلاب متاثرین کو بے دخل کرنے کی خبردی تھی جس پر انتظامیہ نے مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکرلیا ۔

صحافی نے کہا کہ اپنے فرائض انجام دینے والے صحافی کو اس طرح گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے کہ جیسے یہ صحافی نہیں بلکہ بہت بڑا کوئی دہشت گرد ہو۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟۔

واضح رہے کہ میرپورماتھیلو گھوٹکی کے مقامی صحافی نصراللہ گڈانی کی ایک ویڈیو رپورٹ شیئر کی تھی جس میں دیکھاجاسکتا تھا کہ ریلیف کیمپوں سے سیلاب سے متاثرہ غیرمسلم بھاگڑیوں کی کمیونٹی کے لوگوں کو انتظامیہ کی جانب سے باہر نکالا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ سیلاب زدگان کو یہ کہہ کر ریلیف کیمپوں سے باہر نکال رہی ہے کہ وہ متاثرہ لوگ نہیں ہیں، سنجے سدھوانی نے رہنما پیپلزپارٹی شرجیل انعام میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے معلوم کیا گیا کہ یہ متاثرین نہیں ہیں؟

صحافی کی گرفتاری کی اور سندھ پولیس کے غیرمنصفانہ اورغیرقانونی عمل کی خبرنشر ہوتے ہی وزیراعلیٰ سندھ  کو ہوش آیا اورانہوں نے فوری طور پر صحافی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

یاد رہے کہ پولیس نے انتظامیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے صحافی نصر اللہ گڈانی کو گرفتارکیا اورعدالت سے  جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا تھا ۔

متعلقہ تحاریر