حکمران جماعت نون لیگ کے سینیٹر افنان خان کے برادر نسبتی اسلام آباد سے اغوا

حکمران جماعت مسلم لیگ نون اپنے ہی سینیٹر کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، لیگی سینیٹرافنان خان کے برادر نسبتی طلحہ اسد کونمازکے بعد اسلام آباد میں مسجد کے باہر سے نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا، دارالحکومت کی پولیس کی ڈوریں لگ گئیں تاہم مغوی کا تاحال کچھ معلوم نہ ہوسکا

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کے سینیٹرافنان اللہ خان کے برادرنسبتی طلحہ اسد کو اسلام اباد سے اغوا کرلیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد اکبر ناصرخان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کو طلحہ اسد کی با حفاظت بازیابی کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔

 پاکستان مسلم لیگ نوازکے مرحوم سینیٹرمشاہد اللہ خان کے صاحبزادے سینیٹرافنان اللہ خان کے برادرنسبتی (سالے) طلحہ اسد کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ لیگی سینیٹر نے  ٹوئٹر پر واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے  طلحہ اسد کو فوری بازیاب  کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

تین ماہ قبل اغوا ہونے والی12سالہ عیسائی لڑکی مشکلات کا شکار، والدین کی مدد کی اپیل

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ شب میرے برادر نسبتی طلحہ اسد کو رات ساڑھے 8 بجے سیکٹر ایف الیون ٹو کی مسجد حدیبیہ کے قریب سے اغوا کرلیا گیا ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ سی سی ٹی  فوٹیج سے معلوم ہوا کہ طلحہ اسد کو کالے شیشے والی ٹیوٹا ہائی ایس میں اٹھایا گیا جبکہ ان کے آخری موبائل لوکیشن گولڑہ شریف کی  تھی ۔

مغوی کے بھائی محمد ہاشم اسد کی مدعیت میں  درج ایف آ ئی  آر کے مطابق میرے والد اور بھائی طلحہ اسد  اپنے تین بچوں کے ہمراہ نماز ادا کرنے مسجد میں گئے تھے، نماز کے بعد وہ ہم سب سے پہلے باہر نکلے ۔

مسجد کے باہر نکلتے ہیں سیاہ لباس میں 2 نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر کالے رنگ کی  ٹویوٹا ہائی ایکس  میں اغوا کرکے لے گئے  اور ان کا موبائل رات ساڑھے 8 بجے سے بند آرہا ہے ۔

دوسری جانب اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹراکبر ناصر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس (آپریشنز) کو طلحہ کو جلد از جلد بازیاب کرنے کا حکم دیا۔

پولیس حکام نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے طلحہ اسد کو بازیاب کروالیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سی ٹی ٹی وی فوٹیج اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔

متعلقہ تحاریر