ٹرین آپریشن کی معطلی سے ریلوے کو یومیہ 16 کروڑ روپے نقصان ہورہا ہے، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے نے بڑے بڑے بحرانوں کا سامنا کیا ہے مگراس طرح کا بحران پہلی بار سامنے آیا ہے، سیلاب کی وجہ سے ٹرین آپریشن بند ہونے سے یومیہ 16 کروڑ روپے نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے

مسلم لیگ نون کے رہنما وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عوام کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے ہیں۔ فریٹ ٹرین اور روہڑی  سے  پشاور کے درمیان ریلوے آپریشن بڑی مشکل سے شروع کیے ہیں۔

روہڑی میں سیلاب سے متاثرہ ٹریک کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا کہ عوام کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے ہیں۔ ایم ایل ون کا ایریا  سیلاب سے بہت متاثر ہوا ہے اس کا جائزہ لینے جا رہاہوں اس کے بعد جو مناسب ہوگا وہ فیصلہ کیا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کیلئے10 نئی ٹرین چلانے کا اعلان

وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن کی معطلی سے ریلوے کو یومیہ 15 سے 16 کروڑ روپے نقصان ہورہاہے جبکہ ہمیں ادارہ ملا ہی 12 سے 13 ارب روپے  نقصان کے ساتھ تھا اور پھر سیلاب  نے مزید پیچھے دھکیل دیا مگر ہم مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے نے بڑے بڑے بحرانوں کا سامنا کیا ہے مگراس طرح کا بحران پہلے بار سامنے آیا ہے۔ روہڑی سے پشاورتک فریٹ ٹرین آپریشن مشکل سے شروع کیا ہے جبکہ دیگر آپریشن جائزہ لینے کے بعد شروع کیے جائیں گے کیونکہ ہم عوام کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون کا  علاقہ سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے  ،اس کا جائزہ  لینے جا رہے ہیں  پھر اس حوالے سے مناسب  فیصلہ کیا جائے گا ۔ایم ایل ون پرافواج پاکستان اور صوبائی حکومت کے تعاون کے ساتھ اس کی بحالی کی کوششیں کررہےہیں۔

ان کا  کہنا تھاکہ 2013 میں  پاکستان ریلوے کو 18 ارب روپے کے منافع پر لائے تھے اور جب حکومت چھوڑی کو ریلوے کا منافع  54 ارب تک پہنچ چکا تھا مگر چار سالوں میں ریلوے کا جو حشر ہوا ہے وہ آپ سب کے سامنے ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

ریلوے افسران کا احسن اقدام، فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک روز کی تنخواہ جمع کروائیں گے

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنا تھوکا ہوا چاٹ رہے ہیں۔ صیہونیوں کا داماد عمران خان جعلی چورن بیچ رہا ہے، ہمیں ان کے چاہنے والوں سے ہمدردی ہے ۔

خواجہ سعد رفیق نے  عمران خان کو بی جمالو  قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی غیر سنجیدہ شخص ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی عدالتی فیصلے پرتبصرہ نہیں کروں گا مگر ریاست کو سب کیلئے ایک رویہ رکھنا ہوگا ۔

متعلقہ تحاریر