ملکہ برطانیہ کی تدفین میں شرکت تو بہانہ ہے اصل مقصد بڑے میاں صاحب کو منانا ہے
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ایک ڈاکو سرکاری خرچ پر ایک مجرم کو ملنے لندن جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تدفین کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گئے ہیں ، تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ملکہ برطانیہ کی تدفین تو ایک بہانہ ہے شہباز شریف سرکاری خرچے پر ایک مجرم کو ملنے لندن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گئے ہیں ، وزیراعظم ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ملک بھر میں نواسہ رسولﷺ کا چہلم مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا
روسی صدر سے دوران ملاقات مائیک گرنے پر شہبازشریف دنیا بھرمیں مذاق بن گئے
لوٹن ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال پاکستانی ہائی کمشنر اور ان کے عملے نے کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ برطانوی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 19 ستمبر کو لندن میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی سرکاری تدفین میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
آنجہانی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہو جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم 19 ستمبر کو امریکہ پہنچیں گے اور 24 ستمبر کو پانچ روزہ دورے کے بعد وطن روانہ ہوں گے جس کے دوران وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم پاکستان 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اتوار کے روز لندن میں اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے طویل ملاقات بھی کریں گے ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم لندن میں پارٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اگرچہ وزیراعظم کی امریکا میں ملاقاتوں کا شیڈول تاحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
شہباز شریف کے دورہ لندن پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کن بنیادوں پر سرکاری پیسے پر لندن جارہا ہے ، عوام کو یہاں پیسے چاہئیں ، اصل میں وہ ایک مجرم کو ملنے کے لیے لندن جارہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا سب سے بڑا ظلم یہ ہے کہ ایک ڈاکو وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے۔









