چیئرمین پی ٹی آئی کی تیسری ٹیلی تھون: 1389 کروڑ روپے موصول

عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے تیسرا ٹیلی تھون گزشتہ رات منعقد کیا تھا۔

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے تیسری ٹیلی تھون کا انعقاد کیا ، تین ٹیلی تھون سے مجموعی طور پر 1 ہزار 389 کروڑ روپے جمع کرلیے گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد اصل مسئلہ متاثرین کی بحالی ہے۔ اور ہماری ٹیلی تھون کرنے کا مقصد  بھی اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کی مدد کرنا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

لوگ آنکھیں بند کرکے عمران خان پر اعتماد کررہے ہیں، جاوید شیخ

خاتون جج دھمکی کیس ، عدالت کا عمران خان کے خلاف دہشتگردی کی دفعہ ختم کرنے کا حکم

ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا تاریخ میں کبھی دو ٹیلی تھون کے پانچ گھنٹے کے دوران 10 ارب روپے اکٹھے نہیں ہوئے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ "ہم ان فنڈز کو شفاف طریقے سے استعمال کریں گے اور ایک ایسا نظام وضع کریں گے جو اس کے استعمال میں شفافیت لائے گا۔”

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ کس طرح سے کووڈ 19 وبائی مرض کے دوران احساس پروگرام کے تحت حکومت نے شفافیت کے ذریعے فنڈز کی تقسیم کی۔

چیف الیکشن کمشنر پر طنز کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا مجھے خدشہ کہ کہیں چیف الیکشن کمشنر ٹیلی تھون کے ذریعے آنے والے فنڈز کو بھی فارن فنڈنگ نہ قرار دے دیں۔ کیونکہ جس بڑے پیمانے پر فنڈز آرہے ہیں وہ دیکھ کر گھبرا گئے ہوں گے۔

شہباز شریف کے غیرملکی دوروں پر افسوس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ملک میں تباہ کن سیلاب کے دوران وزیر اعظم کے غیر ملکی دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہیں ملک کا کوئی احساس نہیں۔”

چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر سمندر پار پاکستانیوں نے ٹیلی تھون میں بھرپور انداز میں شرکت کی اور دل کھول کر اپنے سیلاب متاثرین بھائیوں کے لیے عطیات پیش کیے۔

پارٹی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک ٹیلی تھون کے دوران عطیہ دہندگان نے 3.57 بلین روپے دینے کے وعدے کیے ہیں۔

برطانیہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی نے سیلاب زدگان کے لیے 100 ملین روپے جبکہ پی ٹی آئی برطانیہ کے سربراہ نے متاثرین کے لیے 100,000 یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ دو ٹیلی تھون کے دوران دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 10 ارب روپے سے زائد کے عطیات کے وعدے کیے تھے۔

متعلقہ تحاریر