ایف آئی اے طلبی نوٹس: سابق وزیر خزانہ شوکت ترین ڈٹ گئے

پی ٹی آئی حکومت کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے انہیں ایف آئی اے کا کوئی نوٹس نہیں ملا ، جب ملے گا تو ضرور پیش ہوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سابق وزیر خزانہ شوکت ترین طلبی کے باوجود آج ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے جب کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے شوکت ترین کو کل (جمعرات) کو پیش ہونے کے لئے ایک اور نوٹس جاری کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین اور تیمور سلیم جھگڑا کی مبینہ آڈیو کال کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو بدھ کی صبح طلب کیا تھا اور اس حوالے سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ اسلام آباد کے زونل آفس میں پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز گل کی ضمانت بعداز گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ سے منظور

توہین عدالت کیس: سابق جج رانا شمیم نے غیرمشروط معافی مانگ لی

آج تحقیقات کے لئے پیش نہ ہونے پر ایف آئی اے نے شوکت ترین کو ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے کل (جمعرات) کی صبح 11 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین پیش نہ ہوئےتو ان کے خلاف دفعہ 174 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

شوکت ترین کا اس حوالے سے موقف ہے کہ انہیں نوٹس نہیں ملا تاہم جب نوٹس موصول  ہوگا تو ایف آئی اے میں ضرور پیش ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری اور خیبرپختونخوا کے وزیر تیمور جھگڑا کی مبینہ آڈیو چند ہفتوں قبل سامنے آئی تھی جس میں مبینہ طور پر شوکت ترین دونوں رہنماؤں کو مشورے دے رہے تھے کہ وفاقی حکومت سے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تناظر میں کس طرح بات کرنی ہے۔

متعلقہ تحاریر