سرکاری وسائل کا استعمال، کپتان کو پھر الیکشن کمیشن سے بلاوا آگیا

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلبی نوٹس کے اجرا کا حکم دے دیا۔ نوٹس کی مزید سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کے استعمال پر دوبارہ طلبی نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سرکاری مشینری کے استعمال کے معاملہ کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان نے خاتون جج سے ذاتی حیثیت میں معافی مانگنے کی استدعا کردی

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو پارلیمنٹ میں جانے کا مشورہ

سابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خيبر پختون خوا محمود خان پر ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا۔

دونوں رہنما این اے 24 چارسدہ میں جلسے کیلئے 17 ستمبر کو بذریعہ ہیلی لاپٹر گئے تھے۔

آج سماعت کے موقع پر عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن میں کوئی پیش نہیں ہوا، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کی جانب سے ان کے وکیل پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلبی نوٹس کے اجرا کا حکم دے دیا۔ نوٹس کی مزید سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے وکیل نے سماعت میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر چارسدہ نے بھی اسی معاملے پر نوٹس جاری کیا ہے، ایک وقت میں دو فورمز پر سماعت کیسے ہو سکتی ہے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ ہم نے مجموعی طور پر مختلف حلقوں میں مختلف خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کئے ہیں، جہاں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے، تمام صوبائی سرکاری مشینری وزیر اعلیٰ کے ہاتھ میں ہے۔

متعلقہ تحاریر