ہرنائی میں ہیلی کاپٹر کو حادثہ: پاک فوج کے 2 افسروں سمیت چھ جوان شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں خوست کے قریب فلائنگ مشن پر تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں خوست کے قریب فلائنگ مشن کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے چھ جوان شہید ہو گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ "طیارے میں پاک فوج کے چھ جوان سوار تھے ، جن میں سے دو پائلٹ بھی شامل ہیں، جام شہادت نوش فرما گئے ہیں۔”

یہ بھی پڑھیے

ایاز امیر کی بہو کے قتل کے الزام میں گرفتاری ، قانونی  یا سیاسی خاربازی

قائد اعظم یونیورسٹی کے لائبریریئن کا عظیم کارنامہ، 24 ہزار کتب کو ڈیجیٹل کردیا

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید آفیسرز کی شناخت درج ذیل ہے:

1: میجر خرم شہزاد شہید ، عمر 39 سال ، تعلق اٹک ، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹی ہے۔

2: میجر محمد منیب افضل ، عمر 30 سال ، راولپنڈی کے رہائشی۔ ان کے پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں

3: صوبیدار عبدالواحد ، عمر 44 سال ، رہائش کرک گاؤں صابر آباد ، ان کے پسماندگان میں بیوی اور چار بچے شامل ہیں۔

4: سپاہی محمد عمران ، عمر 27 سال، مخدوم پور خانیوال کے رہائشی۔ ان کے پسماندگان میں بیوی اور تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

5: نائیک جلیل ، عمر 30 سال ، کھاریاں ضلع گجرات کے رہائشی ، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے ہیں۔

6: سپاہی شعیب ، عمر 35 سال ، ضلع اٹک کے رہائشی ، ان کے پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹا شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ "بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 6 فوجی جوانوں کی شہادت پر انہیں گہرا دکھ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

گزشتہ ماہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ہیلی کاپٹر ، جو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا – لاپتہ ہو گیا تھا اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ بعدازاں بلوچستان کے ایک ساحلی ضلع سے ملا تھا۔

ہیلی کاپٹر میں سوار چھ افسران اور عملے سمیت تمام افراد شہید ہو گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر