اسحاق ڈار کا احتساب عدالت کے سامنے ’سرنڈر‘ مؤخر ، سینیٹ کا حلف بھی تاخیر کا شکار

سابق وزیر خزانہ نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم جج کی چھٹی کی وجہ سے پیشی موخر ہو گئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن لوٹنے والے اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے میں ایک روز کی مزید تاخیر ہوگئی۔

اسحاق ڈار نے اثاثہ جات کیس میں آج احتساب عدالت اسلام آباد میں سرنڈر کرنا تھا تاہم جج کے چھٹی پر ہونے کے سبب وہ پیش نہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

سارہ قتل کیس: ایاز امیر اور ان کے صاحبزادے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

عمران خان کی نااہلی کے دائر درخواست پر سماعت، عدالت نے دلائل طلب کرلیے

مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے لندن سے گزشتہ روز وطن واپس پہنچے تھے۔

انہوں نے آج احتساب عدالت اسلام آباد میں آمدن سے زائد اثاثوں کی نیب ریفرنس میں پیش ہوکر سرنڈر کرنا تھا مگر عدالت کے جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کے سبب وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اسحاق ڈار کو پارٹی قائد نواز شریف نے مستعفی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جگہ وزیر خزانہ نامزد کیا ہے۔ انہوں نے آج  احتساب عدالت میں پیش ہونے کے بعد سینیٹ کی رکنیت اور بعد ازاں وزارت خزانہ کا حلف اٹھانا تھا تاہم اب وہ کل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں آج متوقع آمد کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور دیگر پارٹی رہنما عدالت پہنچے تھے جو جج کے چھٹی پر ہونے کی اطلاع ملنے پر واپس چلے گئے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جب جج صاحب آئیں گے تو ہم بھی اسی روز پہنچ جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر