پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن تقریب کا انعقاد

جنرل ندیم رضا کا مزید کہنا تھا کہ امن اور جنگ دونوں صورتوں میں یہ آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ آپ مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔

پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں 146ویں جی ڈی (پی) ، 92ویں انجینئرنگ، 102 ویں ایئر ڈیفنس، 92 اور 94ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کے کورسز کی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اکیڈمی پہنچنے پر ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے

امریکا کا پاکستان کو سیلابی صورتحال میں چین سے قرضوں میں ریلیف مانگنے کا مشورہ

سارہ قتل کیس: مقتولہ کے والد کا جلد از جلد ملزم شاہنواز کو تختہ دار پر لٹکانے کا مطالبہ

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کل 115 ایوی ایشن کیڈٹس، 10 جنٹلمین کیڈٹس اور 22 رائل سعودی ایئر فورس کیڈٹس گریجویٹ۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو برانچ انسگنیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس کو ٹرافیوں سے نوازا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر صبیح الدین نے اپنے نام کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے اعلان کے مطابق انجینئرنگ ڈسپلن میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر کو دی گئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے اعلامیے کے مطابق فلائنگ ٹریننگ میں شاندار کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف بہترین پائلٹ ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ احسن علی خٹک نے اپنے نام کی۔

ترجمان کے مطابق 92ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ فہد مبارک الجوہانی نے جیتی.

ترجمان پاک فضائیہ کا اپنے بیان میں کہا ہے کہ 94ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ ولید خالد عبداللہ الترکی کو دی گئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی تلوار ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر نے حاصل کی۔

ترجمان پاک فضائیہ نے مزید کہا ہے کہ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ محمد سعد بنگش کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مہمان خصوصی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے آئیڈیل پر قائم ہے۔

اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور ہماری مسلح افواج نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہم بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہیں اور کسی بھی ملک کو غیر مستحکم علاقائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا گریجویٹ ہونے والی کیڈٹس پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی ایک بھاری ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھانے جا رہے ہیں۔

جنرل ندیم رضا کا مزید کہنا تھا کہ امن اور جنگ دونوں صورتوں میں یہ آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ آپ مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ آپ کو ہمارے عظیم پیشروؤں کی شجاعت کے کارناموں سے اپنے جذبوں کو تحریک دینی ہے اور پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے۔ جنرل ندیم رضا

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب کے بعد پی اے ایف اکیڈمی ایروبیٹکس ٹیم "شیردلز” کی طرف سے ایک سنسنی خیز ہوائی ڈسپلے پیش کیا گیا۔ ٹیم "شیردلز” نے اعلیٰ معیار کی فارمیشن ایروبیٹکس اور فلائنگ ڈسپلے کے ذریعے شائقین کے دل موہ لیئے۔ گریجویشن پریڈ کو عسکری اور سول معززین سمیت گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کے والدین نے بھی دیکھا۔

متعلقہ تحاریر