الیکشن کمیشن کا کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ
چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سیکورٹی کی عدم فراہمی پر انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔ ای سی پی کا کہنا ہے بلدیاتی انتخابات انعقاد کے حوالے سے اگلا اجلاس 15 روز بعد کیا جائےگا۔
صوبائی حکومت کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی سرحدوں اور سیلاب ریلیف آپریشن میں مصروف ہے ، اس لیے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکورٹی فراہم نہیں کی جاسکتی۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی
پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا
سیکریٹری الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی سیکورٹی کے لیے 16 ہزار 786 اہلکاروں کی ضرورت ہے جو فراہم نہیں کیے جاسکتے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی پہلے ہی الیکشن کمیشن کو پولیس کی سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں ایک اہم اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیا جاتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اگلا اجلاس 15 روز بعد کیا جائے گا۔ اگلے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کی جائے گی۔ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ الیکشن کرائے جاسکتے ہیں یا نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرم ایجنسی میں ہونا والا ضمنی انتخاب 30 اکتوبر کو کرایا جائے گا۔
سید مراد علی شاہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات تین ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
سندھ حکومت کی جانب سے سیکورٹی فراہم کرنے کی معذرت کےبعد الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم وفاقی وزارت داخلہ نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ ہم کوئیک رسپانس کے طور پر تو سیکورٹی فراہم کرسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات کا پرامن انعقاد اور ووٹرز کی حفاظت ای سی پی کی اولین ترجیح ہے اس لیے فی الحال بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کیا جاتا ہے۔









