توشہ خانہ کیس کا فیصلہ تین چار روز پہلے کرلیا گیا تھا، وزیر دفاع کا انکشاف

خواجہ محمد آصف کے بیان پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وزیر دفاع کے بیان کی وضاحت دے۔

توشہ خانہ کیس کے فیصلے سے متعلق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ آج سے دو سے تین دن پہلے فیصلہ سنانے کا فیصلہ ہوا تھا ، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ خواجہ محمد آصف صاحب کو کس نے بتایا تھا کہ دو سے تین روز پہلے فیصلہ ہو چکا تھا۔

ہم نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہر بندے کی اپنی سوچ ہو سکتی ہے ، اس کو تو کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر پی ٹی آئی سوچ رہی ہے تو اس کو بھی سوچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

یہ بھی پڑھیے

بیک ڈور مذاکرات یا عوامی ردعمل؟: حکومت تاحال عمران خان کو گرفتار کرنے سے گریزاں

برطانیہ میں نئے انتخابات کے مطالبا ت سے پاکستان کو سبق سیکھنا ہوگا

ایک سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آج سے تین  چار روز پہلے اعلان ہوا تھا کہ فیصلہ فلاں دن کو سنایا جائے گا۔ عجلت تو کوئی نہیں ہوئی۔

اینکر پرسن سعدالحسن نے سوال کیا کہ فیصلے پر ایک ممبر کے دستخط موجود نہیں تھے؟ جس پر وزیر دفاع نے جواب دیا کہ کیا قانون میں اس کوئی شرط موجود ہے۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن محمد مالک کے سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہماری کسی قسم کی کوئی بات نہیں چل رہی۔ اور نہ چلنے والی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دوسروں کو کرپٹ کہنے والا خود سب سے بڑا کرپٹ ثابت ہوا ہے۔ جنہوں نے عمران خان کو صادق و امین قرار دیا تھا انہیں آج سوچنا چاہیے۔ ماضی میں بھی معمولی نوعیت کی چیزوں پر بڑی سزائیں دی گئیں ۔ عمران خان کے سارے بول ان کے سامنے آئیں  گے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے الیکشن کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے وہ حکومت کے انڈر نہیں ہے ، وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فیصلہ کون کررہا تھا ، اگر فیصلہ الیکشن کمیشن کررہا تھا تو الیکشن کمیشن کے اندر سے حکومتی وزراء کو کون بتا رہا تھا کہ کہ یہ فلاں فیصلہ آئے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے اگر الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کررہا تھا تو پھر کیا خواجہ آصف ، عمران خان کے خلاف فیصلہ کررہے تھے۔ حکومت کو وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کی وضاحت دینا ہوگی کہ تین چار دن پہلے فیصلہ کس نے کیا تھا اور خواجہ آصف صاحب کو کس نے بتایا تھا۔

متعلقہ تحاریر