ایف آئی اے  کی پھرتیاں، اعظم سواتی کی وڈیو کا فوری فارنزک، جعلی بھی قرار دے دی

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے اعظم سواتی سے منسوب نازیبا وڈیو کے فارنزک ٹیسٹ کیلئے پھرتیاں دکھاتے ہوئے فوری طور پر اسے جعلی قرار دے دیا، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کی وڈیو کا فوری فارنزک کرنے والی ایف آئی اے دیگر کئی معاملات میں مکمل خاموش ہے

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیٹر اعظم سواتی سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرتی وڈیو کو جعلی قرار دے دیا ہے ۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینیٹر اعظم سواتی سے منسوب گردش کرتی وڈیو جعلی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

میری اور اہلیہ کی مبینہ ویڈیو بیٹی کو فارورڈ کی گئی، اعظم سواتی رو پڑے

ایف آئی اے کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر پھیلائی جانے والی پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی سے منسوب ویڈیو اور آڈیو کا تفصیلی تجزیہ کیاگیا ہے ۔

اعظم سواتی سے منسوب وڈیو کا عالمی معیار کے مطابق فریم ٹو فریم فارنزک تجزیے کے بعد یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ وڈیو جعلی ہے جوکہ مختلف کلپ جوڑکر بنائی گئی ہے ۔

ایف آئی اے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وڈیو کے فارنزک سے واضح ہوتا ہے کہ ویڈیو میں ایڈیٹڈ کی گئی ہے۔ مختلف وڈیوز اور چہروں کو استعمال کرکے وڈیو بنائی گئی ہے ۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی  تحریری درخواست جمع کروائیں اور اپنے تحفظات سے آگاہ کریں  تاکہ تحقیقات کی جائے ۔

 وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ وڈیو کا مقصد بظاہر سینیٹر اعظم سواتی کو بدنام کرنا ہے اور اسی مقصد کے لیے ان کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی جارہی ہے ۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے  سینیٹر اعظم سواتی  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ  میری اور اہلیہ کی نازیبا وڈیو نامعلوم نمبر  سے مجھے بھیجی گئی ۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وڈیو کوئٹہ سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز میں قیام کے دووران کی ہے۔ وڈیو ریلیز ہونے کے بعد میری اہلیہ اور دیگر اہلخانہ ملک چھوڑ کرجاچکے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ جو اعظم سواتی کے ساتھ ہو رہا اس سے زیادہ ظلم کسی انسان کے ساتھ نہیں ہوسکتا ہے۔ چیف جسٹس انصاف کریں گے یا قانون اور انصاف کے دروازے بند ہیں؟۔

زلفی بخاری نے سوال اٹھایا کہ غریدہ فارقی اور حامد میر کو اعظم سواتی کی وڈیو تک رسائی کیسے ملی ۔ وڈیو ڈارک ویب سمیت کسی پلیٹ فارم پر نہیں ہے۔ کیا ایک مخصوص بریگیڈیئر مخصوص اینکرز کے لیے ٹویٹس تیار کر رہا ہے؟

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی سے منسوب وڈیو کے فارنزک میں ایف آئی اے نے پھرتیاں دکھائیں ہیں حالانکہ دیگر بہت سے معاملات پر وہ تاحال تحقیقات نہیں کررہے ہیں ۔

متعلقہ تحاریر