عمران خان کا منگل کے روز سے وزیرآباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ہر روز شوکت خانم اسپتال سے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا کروں گا ، راولپنڈی میں مارچ کی خود قیادت کروں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں انصاف کے نظام کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے ، حالت یہ ہے کہ ملک کا سابق وزیراعظم اپنے اوپر ہونے والے حملے کی ایف آئی آر درج کرانے سے قاصر ہے۔

شوکت خانم اسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا ہم منگل سے وزیرآباد سے دوبارہ اپنا لانگ مارچ شروع کرنے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

افراد پر تنقید ادارے پر تنقید نہیں، اسد عمر نے آئی ایس پی آر کا بیان مسترد کردیا

مریم نواز کی عمران خان پر شدید تنقید ، سربراہ پی ٹی آئی کو قصہ پارینہ قرار دے دیا

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اہم پریس کانفرنس کرتے کہا کہ میں اپنی پارٹی اور قوم سے 3 ایشوز پر بات کرنا چاہتا ہوں ، 3دن ہوگئے ہیں پنجاب میں ہماری حکومت ہے ایف آئی آر درج نہیں کراپائے، یہ میرا حق ہے،تفتیش ہوگی تو سب پتہ چلے گا، یہ کیسے ہو سکتا ہے ہماری اپنی پولیس منع کررہی ہے، ایف آئی آر درج کرانا میرا حق ہے،میں سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں، میں سابق وزیر اعظم رہ چکا ہوں ،میں اپنی ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا تو عام آدمی کا کیا ہوگا۔

سربراہ تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لانگ مارچ سے ہر روز یہاں سے خطاب کروں گا۔ لانگ مارچ 10 سے 15 روز میں راولپنڈی پہنچے گا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ جب لانگ مارچ راولپنڈی پہنچ جائے گا تو راولپنڈی پہنچ کر لانگ مارچ کو لیڈ کروں گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا شہباز شریف کے جوڈیشل کمیشن بنانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اعظم سواتی کے معاملے کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ پوری قوم اس وقت سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ابھی ایف آئی آر بھی نہیں کٹی کہ سوشل میڈیا میں ٹویٹس آنی شروع ہوگئی، پولیس اور حکومت ہماری اور گرفتار ملزم کا ویڈیو بنا کر لیک کیا جاتا ہے،آئی جی سے جب پوچھا کیسے ملزم کی ویڈیو لیک ہوئی تو کہتا ہے کہ یہ ہیک ہوگئی ہے،سائفر معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں، ملزم کی ویڈیو کیسے لیک ہوئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، ارشد شریف کے معاملے پر بھی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا ہے ہمارے سارے لیڈر لوگوں کا ایک سمندر لے کر راولپنڈی پہنچیں گے۔ پرویز خٹک خیبرپختون خوا سے لانگ مارچ کے شرکاء کو لے کر راولپنڈی پہنچیں گے۔ شاہ محمود قریشی جی ٹی روڈ سے لانگ مارچ لے کر پہنچیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ میرا لانگ مارچ پھر وہیں سے شروع ہوگا جہاں مجھے گولیاں لگی تھیں۔

متعلقہ تحاریر