اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت میں ریلی کی اجازت دے دی
انتظامیہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان کی درخواست پر 35 شرائط پر مبنی ریلی کا این او سی جاری کیا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت میں ریلی کی اجازت دے دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے باقاعدہ اجازت نامہ(این او سی) جاری کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ملاقات کی جس کے بعد این او سی جاری کیا گیا۔
تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو خط لکھا تھا جب کہ اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
توشہ خانہ سے کون کون اور کتنے تحائف لے کر گیا ، تفصیلات نیوز 360
فرح گوگی نے اپریل 2019 میں دبئی کا سفر نہیں کیا ، فیکٹ فوکس حقائق سامنے لے آیا
پی ٹی آئی ریلی کو پرامن بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں۔ ریلی کی اجازت صرف کورال چوک سے روات تک کے روٹ کے لیے دی گئی ہے۔
ریڈ زون اور دیگر علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا اور کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شرائط کے مطابق سرکاری اور نجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ ریلی کے لیے اسلام آباد کیپٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔
ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے خلاف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔
ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی اور شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اجازت نامہ صرف 19 نومبر کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے رکھی جانے والی شرائط میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ناگہانی واقعہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی انتظامیہ ہو گی۔