بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

مائیں، بہنیں، بزرگ اور حق پرست عوام بلدیاتی الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے ثابت کردیں کہ کل بھی لوگ الطاف حسین کے ساتھ تھے اور آج بھی لوگ الطاف حسین کے ساتھ ہیں، بانی ایم کیو ایم کی لندن میں گفتگو

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے بانی الطاف حسین نے اپنے حامیوں سے   15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد  میں ہونے والے  بلدیاتی  انتخابات کے بائیکاٹ کی کال دے دی۔

گزشتہ روز لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں الطاف حسین نے کہا کہ ان کے حامیوں کو بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرکے ان سے وفاداری کا ثبوت دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

الطاف حسین کی بائیکاٹ کی اپیل پر کراچی والوں نے ایم کیوایم کو مسترد کردیا

ضمنی انتخابات میں عمران خان کی تاریخی فتح: پی ڈی ایم اپنے ہی جال میں پھنس گئی

الطاف حسین نے کہا کہ”بلدیاتی انتخابات ہونے والے  ہیں،ساتھیوں، ماؤں،بہنوں، بزرگوں اور حق پرست عوام بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کی آج سے تیاری شروع کردیں،آپ بلدیاتی الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے ثابت کردیں کہ کل بھی لوگ الطاف حسین کے ساتھ تھے اور آج بھی لوگ الطاف حسین کے ساتھ ہیں“۔

یہ اعلان  ایسے وقت میں سامنے آیا جب الطاف حسین کو برطانیہ کی عدالت میں ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کے رہنماؤں کی جانب سے لندن کی7 جائیدادوں کی ملکیت کے دعوے پر قانونی جنگ کا سامنا ہے۔

الطاف حسین نے برطانیہ کی عدالت میں لندن کی جائیدادوں پر جاری قانونی جنگ میں اپنی قانونی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے لاکھوں کارکنان ان کیلیے دعائیں کررہے ہیں ،انشااللہ وہ اس مقدمے میں کامیاب ہوں گے، یہ پریشانیاں جھیلنی پڑتی ہیں، گھبرانہ نہیں چاہیے۔

الطاف حسین کے سابق قریبی ساتھی ندیم نصرت برطانیہ کی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا موقف پیش کیا کہ لندن کی 7 جائیدادیں ایم کیو ایم لندن یا ایم کیو ایم پاکستان کی نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے شہدا کے خاندانوں کی ہیں۔ جیو نیوز کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ الطاف  حسین اپنے شواہد بعد میں دیں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کی افواہوں کو مسترد کردیا۔ایک بیان میں، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔

ایم کیو ایم  پاکستان کا کہنا ہے کہ  اپنے فائدے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلا کر سیاسی جماعت کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ایک غیر اخلاقی عمل ہے،ایم کیوایم پاکستان نے مزید کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، سندھ بھر میں اس کے کارکنان اور حامی بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

تجزیہ کاروں نے سوال کیا کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے کس بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا دعویٰ کیا اور انہیں قومی سیاست میں نمایاں کرنے کے پیچھے کون سے عناصر کارفرماہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے لیے یہ ایک اور امتحان ہوگا کہ وہ پہلے انتخابی مقابلوں میں پے در پے ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بعدالطاف حسین کے اعلان کے بعد اپنے مضبوط گڑھ کراچی اور حیدرآباد میں اپنی سیاسی طاقت ثابت کرے۔

چند روز قبل کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کے حق میں بینرزآویزاں کیےگئے تھے جن کی تصاویر ان صحافیوں نے بھی شیئر کیں جو خود ساختہ جلاوطن سیاستدان کی قومی سیاست میں واپسی کے لیے مہم چلاتے ہوئے پائے گئے۔

تجزیہ کاروں نے سوال کیا کہ حسین کو قومی سیاست میں واپس لانے کی پوری مہم کے پیچھے ایسے عناصر ہیں جب ملک عام انتخابات میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر