کیا سلیم صافی اور نواز شریف کی یورپ میں ملاقات محض اتفاق ہے؟

معروف کالم نگار اور جیو نیوز کے اینکر پرسن سلیم صافی کی اٹلی میں موجودگی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ان کی ملاقات نے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

معروف کالم نگار اور جیو نیوز کے اینکر پرسن سلیم صافی کی اٹلی میں موجودگی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ان کی ملاقات نے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ آیا یہ محض اتفاق تھا یا ایک منصوبہ بندی ملاقات کی گئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناقد سلیم صافی نے ٹویٹر پر ایک یورپی ملک اٹلی کے دورے کے دوران نواز شریف کے ساتھ بیٹھے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” چند روز قبل نوازشریف کے ساتھ چند گھنٹے گپ شپ کا موقع ملا۔ تب آرمی چیف کی تقرری کے ایشو پر ہر پاکستانی مظطرب تھا لیکن وہ انتہائی مطمئن تھے بلکہ مریم اور جنید کی موجودگی سے بہت خوش تھے۔”

اپنی تشویش پر نواز شریف کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے سلیم صافی نے مزید لکھا ہے کہ "میری ہر تشویش پر کوئی خاص توجہ نہ دی۔ تقرری اور مارچ کے معاملات پر عمران کی ناکامی کے بعد انکے اطمینان کی وجہ سمجھ آئی؟۔”

واضح رہے کہ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سفارتی پاسپورٹ ملنے کے بعد یورپ کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔

اس ملاقات کے حوالے سے کچھ روز قبل اینکر پرسن سلیم صافی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ” اٹلی کے علاقے میلان کا سویٹزرلینڈ کے بارڈر کے ساتھ علاقے کا خوبصورت منظر۔ خوب سیرت دوستوں کے ساتھ۔ جہاں کچھ دن بڑے سکون سے گزرے۔”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سلیم صافی اور نواز شریف کے درمیان ملاقات ایک اہم وقت پر ہوئی جب حکمران مسلم لیگ (ن) 2023 کے عام انتخابات سے قبل اپنے پارٹی کے سربراہ کی پاکستان واپسی کی راہ ہموار کرنے اور پی ٹی آئی کی جانب سے نئے انتخابات کے مطالبے اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد نئے چیلنجز سے نمٹنے میں مصروف ہے۔

متعلقہ تحاریر