بنوں میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار کا سر قلم کردیا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز وادی تیراہ کے دورہ کیا اور دہشتگردی سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا تو رات میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری( ایف سی) اہلکاررحمان زمان اور اسکے بیٹے کو قتل کرکے ان کے سرقلم کردیئے، دہشتگردوں نے مقتول سپاہی کا سر ایک درخت پر لٹکا دیا تھا جسے صبح پولیس نے بر آمد کرلیا

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری( ایف سی) اہلکار اور اس کے بیٹے کو گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ دہشت گردوں نے کارروائی کے بعد ایف سی اہلکار کا سر قلم بھی کیا ۔
پولیس حکام کے مطابق خیبر پختونخوا ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں نامعلوم دہشتگردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے سپاہی اور اس کے بیٹے کو گھر کے اندر داخل ہوکر گولیاں مار کر شہید کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
کالعدم تحریک طالبان کا ملک بھر میں دہشتگرد حملے کرنے کا اعلان
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی) کے سپاہی 45 سالہ رحمان زمان کو قتل کرنے کے بعد اس کا سرقلم بھی کیا جبکہ اسکے 18 سالہ بیٹے شاہد کو بھی قتل کیا گیا ۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی) کے شہید جوان رحمان زمان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ رات گئے گھر میں شور شرابے کی باعث آنکھ کھلی تو دیکھا کہ 20 مسلح افراد ہمارے گھر کے آنگن میں موجود تھے ۔
مقتول سپاہی کی اہلیہ نے کہا کہ دہشتگردوں نے پہلے فائرنگ کی جس سے میرا شوہر رحمان زمان اور بیٹا شاہد جان کی بازی ہار گئے جبکہ اس کے بعد انہوں نے میرے شوہر کا سرقلم کیا اور ساتھ لے گئے ۔
شہید ایف سی رحمان زمان کی اہلیہ کے مطابق مقتول کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر کو صرف فرنٹیئر کانسٹیبلری سے تعلق ہونے کی وجہ سے قتل کیا گیا ہے ۔
مقامی رہائشیوں نے صبح سویرے بچکی مارکیٹ کے قریب ایک درخت سے سر لٹکتا ہوا دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
کالعدم ٹی ٹی پی کا ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کی اپیل کا خیرمقدم
یاد رہے کہ گزشتہ روز نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا۔ افواج پاکستان کے سربراہ نے پاک افغان بارڈر پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فوجی جوانوں سے خطاب میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیاتھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنا نے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پائیدار امن اور استحکام تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔