24 گھنٹے میں اسحاق کی صدر سے دوسری ملاقات ، تحریک انصاف انتخابات کی تاریخ لینے پر قائم
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے جتنی مرضی آپ ملاقاتیں اور باتیں کرلیں ، ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آپ نے انتخابات کب کرانے ہیں۔
24 گھنٹوں کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی ہے ، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملات زیر غور آئے۔ دوسری طرف رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ اگر ہمارے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے، ورنہ ہم اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک تقریب میں شرکت کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور اگر صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
اگلے چند روز میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی، شاہ محمود قریشی
ایاز صادق کا نوازشریف کی وطن واپسی اور الیکشن کے حوالے سے بڑا اعلان
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک مرتبہ پھر اسحاق ڈار کے سامنے عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے مطالبہ دہرایا۔
اس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا ، اور حکومتی موقف بھی صدر کے ساتھ شیئر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر خزانہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد اگلے چند گھنٹوں میں مزید کوئی ڈویلپمنٹ ہو سکتی ہے۔
صدر اور وزیر خزانہ کی ملاقات کے فوری بعد لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ہم پاکستان کو ایک جمہوری ریاست بنانا چاہتے ہیں ، جمہوری ریاست کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے تمام طاقتور حلقے عوام کے رائے کے سامنے اپنا سرتسلیم خم کریں۔ یہ وہ بنیادی اصول ہے جو ہم نے طے کرنا ہے اور جس پر ہم نے عملدرآمد کرانا ہے ، ہماری سیاست کا محور صرف عوام ہیں۔
“There’s unanimous decision by all PTI member that assemblies should be dissolved”-@fawadchaudhry pic.twitter.com/mPcH4pkvY1
— PTI (@PTIofficial) December 8, 2022
فواد چوہدری کا کہنا تھا جتنی مرضی آپ ملاقاتیں اور باتیں کرلیں ، ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آپ نے انتخابات کب کرانے ہیں ، معیشت کا برا حال ہے ، افغانستان سے ہمارے تعلقات مکمل خراب ہوچکے ہیں۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان منتخب لوگوں کے حوالے کیا جائے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا آج کے اجلاس میں سب کی مشاورت ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل کررہے ہیں۔