انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدر عارف علوی کے بیان شیریں مزاری کی تنقید
رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے صدر مملکت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ، آپ کو کم از کم پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز بلند کرنی چاہیے۔
دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک مرتبہ کشمیر میں ہونے والے ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی توجہ مبذول کرائی ہے ، تاہم پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو پاکستان میں ہونے والے مظالم پر آواز اٹھانا چاہیے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شیریں مزاری نے لکھا ہے کہ "عزت مآب صدر مملکت صاحب آپ ملک کے سربراہ اور مسلح افواج سپریم کمانڈر ہیں ، آپ کو کم از کم پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز بلند کرنی چاہیے۔”
یہ بھی پڑھیے
ڈیلی میل نے شہبازشریف سے صرف ایک الزام پر معافی مانگی، آؤٹ آف کورڈ سیٹلمنٹ کا امکان
پلے نئیں دھیلا وزیراعظم شہباز شریف دی کابینہ کردی میلہ میلہ
شیریں مزاری نے آگے بڑھتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہاں پر بغیر کسی ایف آئی آر کے کسی کو بھی گرفتار کرلیا جاتا ہے ، بغیر کسی وجہ سے حراستی تشدد کیا جاتا ہے ، کسی کاغذی کارروائی کے بغیر بندہ غائب کردیا جاتا ہے۔”
سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف نے مزید لکھا ہے کہ "آج انسانی حقوق کا عالمی دن ہے ، آپ کو تمام قسم کے خوف کو پش پشت ڈالتے ہوئے آگے آنا ہوگا کیونکہ آپ وہ واحد شخصیت ہیں جو بغیر کسی خوف کے ان طاقتوں کے خلاف آواز اٹھا سکتے ہیں جو اس ریاست کو چلتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتیں۔
واضح رہے کہ آج دنیا میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ جس کے تناظر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن اقوام متحدہ میں منظور کردہ انسانی حقوق کے شاندار عالمی منشور کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کا آئین بھی اسی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔









