چیف الیکشن کمشنر پر تنقید: الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی

چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ روز آن لائن ویڈیو کانفرنس میں سکندر سلطان راجہ کے بارے میں مبینہ غیراخلاقی اور غیرشائستہ گفتگو کی تھی اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے تقریر کا اسکرپٹ اور ریکارڈنگ طلب کرلیا جب کہ الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کو عمران خان کے خلاف سماعت کے لئے مقرر کیسز بینچ کی عدم دستیابی پر ڈی لسٹ کردیئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز آن لائن ویڈیو کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ کے بارے میں مبینہ غیراخلاقی اور غیرشائستہ گفتگو کی تھی اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے تقریر کا اسکرپٹ اور ریکارڈنگ طلب کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سینیٹر اعظم سواتی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے

ایم 6 اراضی اسکینڈل: سندھ حکومت کا معطل ڈی سی نوشہروفیروز کے ریڈ وارنٹ طلب کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے پیمرا کو ہدایت کی ہے کہ آج ہی عمران خان کی تقریر کا اسکرپٹ فراہم کیا جائے۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔

جب کہ الیکشن کمیشن میں پہلے ہی عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کی کارروائی جاری ہے۔ جس کے خلاف عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چودھری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جو عدالت عظمیٰ نے نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تینوں رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف کسی ہائی کورٹ کا حکم امتناعی نہیں، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق توہین عدالت کیس کی کارروائی کرے۔

عدالت نے کہا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو جاری کئے گئے نوٹس پر اعتراض ہے، الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس پر عمل ہونا چاہئے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کو سماعت کے لئے مقرر 5 کیسز بینچ کی عدم دستیابی پر ڈی لسٹ کردیئے۔

ان یہ کیسز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہیں، جن میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے، ممنوع فنڈنگ ضبطی کیس، پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن کا کیس شامل ہے۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیسزکی سماعت بھی منگل کو ہونی تھی جو اب 20 دسمبر کو ہوگی۔

متعلقہ تحاریر