سینیٹ سے غیرملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل کثرت رائے سے منظور

کارروائی سے ہٹ کر بل پیش کرنے پر حزب اختلاف کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی اور طاہر بزنجو نے بھی بل کی مخالفت کی۔

سینیٹ نے غیرملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ حزب اختلاف نے کارروائی سے ہٹ کر بل پیش کرنے پر احتجاج اور شور شرابا کیا۔ حکومتی سینیٹر رضا ربانی اور طاہر بزنجو نے بھی بل کی مخالفت کی۔

ایوان بالا کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کی معمول کی کارروائی سے ہٹ کر غیرملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل ضمنی ایجنڈے میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے

یقین رکھیں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

نیب ترامیم کیس: سپریم کورٹ نے عمران خان کے وکیل سے دو سوالات پر وضاحت طلب کرلی

جس پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے ایوان میں معمول کی کارروائی سے ہٹ کر بل پیش کرنے کی مخالفت اور شور شرابا کیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور طاہر بزنجو بھی  کھڑے ہو کر بل کی مخالفت کی تاہم سینیٹ نے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کا معدنی منصوبہ رک گیا تھا، جب تک ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی ملکی معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری، ان کے پروڈکشن آرڈر کے اجراء اور چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے احتجاج اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ڈیسک کا گھیراؤ بھی کیا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹرز اس موقع پر اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

جس پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ وہ اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیں گے۔

 ایوان بالا کا اجلاس اب جمعرات کی شام 3 بجے ہوگا۔

متعلقہ تحاریر