غداری کیس میں مطلوب شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بغاوت کیس میں رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بغاوت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں بغاوت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اگلی سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ: عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے
متنازعہ ٹوئٹس کا معاملہ: خصوصی عدالت سے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد
عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ شہباز گل 200,000 روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت حاصل کر سکتے ہیں۔ کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
علاوہ ازیں عدالت نے غداری کیس میں شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ (بی ایچ سی) نے آج دوپہر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف قلعہ عبداللہ میں درج تمام فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) کو خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
بی ایچ سی کے سنگل بنچ کے جج جسٹس عبدالحمید بلوچ نے شہباز گل کے وکیل حکم گل کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل حکم گل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شہباز گل کے خلاف صوبے کے مختلف شہروں میں درج ایف آئی آرز کو منسوخ کیا جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہباز گل کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں پاک فوج کے خلاف تقریر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد یہ سلسلہ سارے ملک چل پڑا تھا۔اور شہباز گل کے خلاف متعدد ایف آئی آرز کٹ گئیں تھیں۔