یوم قائداعظم : پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے کیڈٹس کو گارڈز کے فرائض سونپے۔
کراچی: بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
کراچی میں یوم قائداعظم کی تقریبات کا آغاز اتوار کے روز بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالنے کے ساتھ کیا۔
یوم قائداعظم کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ بانیٔ پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقد کی گئی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے بانی پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یوم قائداعظم کے موقع پر بانی پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ہنگور کلاس آبدوزں کی اسٹیل کٹنگ اور تعمیر کے آغاز کی تقریب کا کراچی شپ یارڈ میں انعقاد
چیف آف دی نیول اسٹاف کا مراکش کا سرکاری دورہ
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے کیڈٹس کو گارڈز کے فرائض سونپے۔
میجر جنرل عمر عزیز اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم قائداعظم کے موقع پر پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم قائداعظم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ صحیح وقت پر درست فیصلے کریں گے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کا مستحکم کریں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج قائد کے جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان پر عمل پیرا ہوں گے۔
صدر مملکت نے مزید کہا ہے کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کوئی قوم اس شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یوم قائداعظم کے موقع پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم قائداعظم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک کی محنت کی بدولت آج ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں، قائداعظم کی جدوجہد کا مقصد آزاد ریاست کا قیام تھا، ایسی ریاست جہاں اقلیتیں بغیر خوف و خطر اپنی زندگیاں گزاریں۔









