استعفوں کی تصدیق:پی ٹی آئی نے اسپیکر سے وفد کی صورت میں ملاقات کا عندیہ دے دیا
راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملاقات خوش آئند ہے لیکن استعفوں کی تصدیق کے لیے ہر رکن کو الگ الگ آنا ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے استعفوں کے معاملے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ وہ چند ارکان کے ہمراہ وفد کی صورت میں اسپیکر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے استعفوں کے معاملے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس بات کا مدعا رکھا ہے کہ شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک سمیت چند ذمے داران اسپیکر ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت تھی عمران خان ایک حقیقت ہے، فواد چوہدری
عدالتی نظام طاقتوروں کے سامنے پتلیوں کی طرح ہاتھ باندھے کھڑا ہے، فواد چوہدری
عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اجتماعی استعفوں کی جگہ اپنا نمائندہ وفد اسپیکر کے سامنے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں ملاقاتیں اور رابطے مسائل کے حل کے لئے ضروری ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملاقات خوش آئند ہے لیکن استعفوں کی تصدیق کے لیے ہر رکن کو الگ الگ آنا ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کے تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابطہ کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے، شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے تمام ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے خطوط ارسال کر دئیے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کے حوالے سے فیصلہ آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔









