بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانا ہوگی، وزیراعظم

محمد شہباز شریف نے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی کیلئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر قرار دیتے ہوئے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔

وفاقی کابینہ نے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی کیلئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر قرار دیتے ہوئے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کابینہ نے الیکٹرک بائیکس کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں  ہوا۔ وفاقی کابینہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سینئر پارلیمنٹیرین چوہدری اشرف کو 53 سالہ پرانے کیس میں گرفتار کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید  مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیے

ملک میں ٹینکوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے، عمران خان

راجہ پرویز اشرف اور فواد چوہدری استعفوں کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے

وفاقی کابینہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے نتیجہ میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کئے گئے ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ پر بحث کی۔

اجلاس کو مذکورہ توانائی بچت پلان کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوئی اب تک کی کی گئی مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایندھن کی مد میں درآمدی بل میں کمی کے لئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ پاور کی استعداد کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

میاں محمد شہباز شریف نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت کو 30 فیصد کم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کردی جس میں وفاقی وزیر توانائی،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ اطلاعات ونشریات اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی نےتوانائی بچت اور کفایت شعاری کے بارے میں ایک آگہی مہم بھی تیار کرلی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو ملک بھر میں عام کرنے کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کیا جائے گا۔ اس وقت پاکستان میں 90 کمپنیاں موٹر سائیکلز اور آٹو رکشاز بنا رہی ہیں اور ملک میں سالانہ 6 ملین موٹر سائیکلز بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیکس بنانے کے لائسنس جاری کئے جاچکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کے فروغ سے ایندھن کی مد میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکٹرک بائیکس کے استعمال سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ یہ ماحول دوست الیکٹرک بائیکس کاربن کے اخراج میں کمی کا باعث بھی بنیں گی۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے الیکٹرک بائیکس کے حوالے سے ایک تفصیلی پلان اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سویابین کی رپورٹ کی حتمی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشن ایکٹ 2022 کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے وَن سٹاپ سروس ایکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر تاج فیلڈ (میر پور خاص بلاک) کو تجارتی حیثیت کے لئے 14.11 سکوئر کلومیٹر پر محیط ایریا کوکمرشل بنیادوں پر ڈیکلئیرکرنے اور اس بلاک کی یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (یو ای پی ایل) کو 5 سال کے لئے ترقیاتی اور پیداواری لیز کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21 دسمبر 2022 اور 15 نومبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 26 دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

متعلقہ تحاریر