پاکستان کا فیفٹ کی گرے لسٹ سے نکلنا بہت بڑی کامیابی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کےحوالےسےعالمی فنڈ کا قیام بھی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف (فیفٹ) گرے لسٹ سے نکلنا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عالمی فنڈ کا قیام بڑی کامیابی ہے۔ افغان خواتین کی تعلیم پر پابندی سےمایوس ہوئی۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔

یہ بھی پڑھیے

یقین دلاتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار

حسین حقانی کی خدمات لےکر میرے خلاف پاکستان سے سازش کی گئی،عمران خان

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کےحوالے سے رواں سال کافی متحرک ثابت ہوا، این او ،ایس سی او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز نے پاکستان کا دورہ کیا۔ کورونا پابندیوں کے بعد پاکستان اور دوست ممالک میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے، اور پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے باہر آنا تھا، پاکستان 52 ماہ کی سخت ترین اسکروٹنی کے بعد ایف اےٹی ایف گرے لسٹ سے نکلا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کےحوالےسےعالمی فنڈ کا قیام بھی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی، اور امریکا نے 4 برس بعد پاکستان میں سفیر کا تقرر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے رواں برس مختلف ممالک کے دورے کیے، تمام دوست ممالک سے تعلقات بہتری کی طرف جارہےہیں ، افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا، پر امن اور خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔

ترجمان نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف ہے ، وزیرخارجہ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے مختلف فورمز پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں ، پاکستان افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کی تعلیم پر پابندی لگائے جانے کے فیصلے پر افسوس ہوا۔ امید ہے وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اورکشمیرسمیت تمام تنازعات پر بات چیت کا خواہاں ہے، سال 2022ء میں لائن آف کنٹرول پر فائر بندی سے امن برقرار رہا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ بھارت ذمہ دار ملک کا کردار ادا کرے تو ہی بات چیت ممکن ہے، بھارت، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی ختم کرے ، او آئی سی سیکرٹری جنرل کا ایل او سی کا دورہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا مظہر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یو این او کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف جنوری میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی پر مشترکہ کانفرنس کی سربراہی کریں گے ، اہم ممالک کے سربراہان اور یو این سیکرٹری جنرل جنیوا کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

متعلقہ تحاریر