نواز اور مریم کی جنیوا میں وزیراعظم شہباز سے ملاقات، بڑے فیصلے متوقع

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے لیے لندن سے روانہ ہو گئے ہیں۔

آئندہ چند دنوں میں پاکستانی سیاست کے حوالے سے بڑے فیصلے متوقع ہیں ، کیونکہ نواز شریف اور مریم نواز جنیوا میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے لیے لندن سے روانہ ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے گورنر کامران ٹیسوری کی کوششوں پر پانی پھیر دیا

تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے نظام انصاف پر سوالات اٹھا دیئے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز ایک ہفتے تک جنیوا میں قیام کریں گے جہاں مریم نواز اپنے ڈاکٹر سے بھی ملاقات کریں گے۔ جنیوا دورہ کے موقع پر نواز شریف اور مریم کے ساتھ خاندان کے دو اور افراد بھی موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی جنیوا میں ’کچھ نجی ملاقاتیں‘ بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں نواز شریف نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ 21 سے 30 نومبر تک لندن سے یورپ کا دورہ کیا تھا، لندن میں تین سال قیام کے بعد یہ شریف کا پہلا بین الاقوامی دورہ تھا۔

دوسری جانب سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان کانفرنس پیر کو جنیوا میں ہوگی اور اس کی میزبانی پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کریں گے۔

یہ بین الاقوامی کانفرنس حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مناسبت والی تعمیر نو کے لیے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ریسکیو اور ریلیف کے مرحلے سے بحالی اور تعمیر نو کے اہم کام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ فریم ورک دستاویز میں ایک ترجیحی اور ترتیب وار منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کی وضاحت وفاقی اور صوبائی سطحوں پر کی گئی ہے۔

کانفرنس کے پروگرام کے پروگرام کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح افتتاحی سیشن شامل ہو گا، جس کے بعد 4 آر ایف دستاویز کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔

پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے شراکت داری اور تعاون کے اعلانات عالمی کانفرنس کے دوران کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

عالمی کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان سیلاب سے متاثرہ آبادی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے پاکستان کا وژن عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے۔

کانفرنس کے دوران ، پاکستان کے وفاقی وزراء دستاویزی فریم ورک کی وضاحت کریں گے اور موسمیاتی لچک اور موافقت کے لیے پاکستان کا طویل مدتی منصوبہ پیش کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز بھی جنیوا میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں وہ ان کی پاکستان واپسی کا فیصلہ کرنے کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

متعلقہ تحاریر