9 ماہ کی حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف کا تیسرا دورہ یو اے ای
وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئے ، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یو اے ای کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر پہلے ہی سے یو اے ای میں موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ یو اے ای کے دو روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے ہیں ، جہاں ان کی متحدہ عرب امارات کے صدر سمیت اہم شخصیات ، اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
امیرالبحر کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد
ریڈلائن صرف عوام لگا سکتے ہیں کوئی اور نہیں لگا سکتا، عمران خان کا مقتدر حلقوں کو پیغام
یو اے ای کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور اور معیشت کو سنبھالا دینے کے حوالے سے دوطرفہ معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج سے شروع ہونے والے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران 2 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی میں توسیع پر بھی بات چیت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات پی ٹی سی ایل کی جائیدادوں کو کمرشل کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ 800 ملین ڈالر کے بقایا جات کے معاملے کو حل کیا جاسکے۔
یو اے ای روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈز کے چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کے امداد کے اعلان پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔