پاک فضائیہ کے دو افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی
ایئر مارشل عبدالمعید خان نے دسمبر 1989ء میں جبکہ ایئر مارشل غلام عباس گھمن نے جون 1990ء میں پاکستان ایئر فورس کو جوائن کیا تھا۔
حکومت نے ایئر وائس مارشل عبدالمعید خان اور ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترقی پانے والے ایئر مارشل عبدالمعید خان نے دسمبر 1989ء میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں کم ٹرن آؤٹ کی وجہ کیا بنی؟
قاسم علی شاہ کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا
انہوں نے دوران ملازمت فائیٹر اسکواڈرن، ملٹری ٹریننگ ونگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان اور کمبیٹ کمانڈرز سکول مصحف کی کمانڈ کی۔
ائیر مارشل عبدالمعید خان نے کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بطور کمانڈنٹ اور اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف (پلانز) کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ائیر آفیسر نے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی، ڈائریکٹر جنرل (ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن)، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اور ڈی جی ائیر آپریشنز بھی رہ چکے ہیں۔
عبدالمعید خان ان دنوں ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) تعینات ہیں۔
ائیر مارشل عبدالمعید کمبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئر وار کالج کراچی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔
انہوں نے الاباما امریکہ سے ایئر وار کالج کی ڈگری بھی حاصل کی۔ ایئر مارشل عبدالمعید خان نے اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز اور وار اسٹڈیز میں بیچلرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہیں حکومت نے ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا ہے۔
ترقی پانے والے دوسرے افسر ایئر مارشل غلام عباس گھمن نے جون 1990ء میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
انہوں نے دوران ملازمت فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز، پشاور میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس انڈکشن کے طور پر کام کیا اور ترکی میں ڈیفنس اور ایئر اتاشی کے عہدے پر فائز رہے۔
ایئر مارشل غلام عباس گھمن نے بطور ڈائریکٹر پلانز بھی خدمات سر انجام دیں۔ آپ نے ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ کے طور پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ ان دنوں، وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، انہیں ڈی جی سی فور آئی کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
وہ کمبیٹ کمانڈرز سکول اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ جرمنی سے جنرل اسٹاف کورس جبکہ امریکہ سے ایگزیکٹو لیڈرشپ کورس کیا۔ آنیشنل سیکیورٹی اینڈ وار اسٹڈیز اور اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ حکومت نے انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت عطا کیا ہے۔