شہباز شریف کی بھارتی ہم منصب کو مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات کی دعوت

العربیہ نیوز کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے نریندر مودی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان و بھارت پڑوسی ہیں جوتبدیل نہیں ہوسکتے، آئیں کشمیر سمیت سلگتے مسائل کو حل کریں اور ترقی کا راستہ اپنائیں، وزیراعظم کے انٹرویو پر فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو کشمیر فروشی نہیں کرنے دینگے

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مذاکرات کی ٹیبل پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت سلگتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں ۔

عرب نشریاتی ادارے العربیہ نیوز کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندری مودی کو دعوت دی ہے کہ آئیں مل بیٹھ کر کشمیر سمیت دیگر تمام مسائل کی حل کی سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے

مودی کی مقبوضہ کشمیر میں عارضی مقیم بھارتی شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات سے  پاک بھارت مسائل کے حل کیلئے سہولت کاری  فراہم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای  کی قیادت بھارت کو مذاکرات کی ٹیبل پر لاسکتی ہے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا دیرینہ دوست ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ یو اے ای پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ۔

العربیہ نیوز کو اپنے انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ممالک ہیں اور ہمیں ایک ساتھ رہنا ہے۔ ہمیں طے کرنا ہوگا کہ امن سے رہ کر ترقی کریں یا آپس میں جنگیں کرکے اپنے وسائل ضائع کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سے 3 جنگیں لڑیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کی زندگیاں مزید مشکل ہوگئیں ہیں جبکہ غربت، بے روزگاری میں اضافہ بھی ہوا جبکہ مصائب بھی بڑھتے جارہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن سے رہنا سیکھ لیا ہے اور امن سے ہی رہنا چاہتے ہیں مگر پہلے کشمیر سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے قابل ہوں  اور یہی پیغام مودی کے لیے بھی ہے ۔

شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندی مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کشمیریوں کی خودمختاری کی علامت ختم کردی ۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل  370 کے تحت انہیں حاصل حقوق چھین لیے گئے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ  بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک کو روکنا چاہیے ۔

وزیراعظم شہباز شریف کےالعربیہ نیوز کو  دیے گئے انٹرویو پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو کشمیر بیچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی بربریت، 6 ماہ میں 140 کشمیری شہید کردیئے

فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے جو موقف اپنایا وہی ہمارا بھی موقف ہے کہ نریندر مودی جب تک  آئین کے آرٹیکل 370 کو واپس اس کی اصل حالت میں نہیں لے آتا تب تک مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنا  پاکستان کی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہباز شریف کی اس روش کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر