مئیر کراچی کے انتخاب میں دو ماہ تک کا وقت لگے گا، الیکشن کمیشن

ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ یونین کونسل ، ٹاؤن کونسل اور سٹی کونسل کی تشکیل کے بعد ، ڈپٹی مئیر، ٹاؤن چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد یونین کونسل ، ٹاؤن کونسل اور سٹی کونسل کی تشکیل کے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں یونین کونسل ، ٹاؤن کونسل اور سٹی کونسل کی مخصوص نشستوں پر بالواسطہ انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کا میئر کون ہوگا؟ جے آئی اور پی پی میں زبردست میچ پڑ گیا

کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں کم ٹرن آؤٹ کی وجہ کیا بنی؟

الیکشن کمیشن کے مطابق ہر یونین کونسل میں دو خواتین ، ایک لیبر ، ایک اقلیت اور ایک نوجوان کونسلر کا بالواسطہ انتخاب ہوگا۔

ای سی پی کا کہنا ہے کہ 25 ٹاؤن کونسلز میں اکثریت کی بنیاد پر خواتین، نوجوان ،لیبر، اقلیت اور خواجہ سرا کی سطح پر بالواسطہ انتخاب ہوگا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کی سٹی کونسل میں اکثریت کی بنیاد پر خواتین، نوجوان، لیبر، اقلیت، اور معزور افراد کی نشستوں پر بالواسطہ انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق منتخب بلدیاتی نمائندوں کے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ، مئیر ، ڈپٹی مئیر ، ٹاؤن چئیرمین اور ڈپٹی ٹاؤن چئیرمین کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 10 امیدواروں کے انتقال کے باعث خالی رہ جانے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ یونین کونسل، ٹاؤن کونسل اور سٹی کونسل کے ہاؤس مکمل کرنے میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت درکار ہے، اسی طرح کراچی کے مئیر ، ڈپٹی مئیر ، اور ٹاؤن چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرنے میں کم از کم دو ماہ کا وقت لگے گا۔

متعلقہ تحاریر