محسن نقوی کی تقرری پر پی ٹی آئی کا اعتراض جائز نہیں، خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ عمران خان اس الیکشن کمیشن سے انصاف مانگ رہے ہیں جس کو گالیاں دیتے ہیں، اب کہتے ہیں لیڈر آف اپوزیشن بننا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جس اسمبلی سے گالی گلوچ کرکے نکلے،اب اسی میں واپسی کے لئے مرے جارہے ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر بار بار اعتراض کیا جارہا ہے، محسن نقوی کی تقرری پر ان کا اعتراض کرنا رولا ڈالنے والی بات ہے۔
وزیر دفاع اور مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے منتخب ہونے کے بعد ہر بار استعفیٰ دیا، تحریک انصاف والے جس اسمبلی میں شور مچا کر اور گالی گلوچ کرکے نکلے تھے، اب اسی میں واپسی کے لئے مرے جارہے ہیں۔ عمران خان آہستہ آہستہ سیاست سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
آج کی سیاست عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی، رہنما مسلم لیگ ن
کراچی کی میئرشپ کے لیے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف میں رابطے
ان کا کہنا تھاکہ ایسے فیصلے واپس کرنے پڑتے ہیں جو قسم قرآن اور گالی گلوچ سے کیے گئے ہوں۔ وہ ذہنی کیفیت کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ عمران خان کچھ کرنے اور کچھ نہ کرنے کی بھی توجیہہ دیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ان کی خواہش پوری ہوتی نظر نہیں آ رہی کہ عمران خان ایک بار پھر ان کے سامنے اسمبلی واپس آئیں اور وہ ایک بار پھر اپنی پرانی تقریر کی طرز پر ان کا استقبال کریں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان اس الیکشن کمیشن سے انصاف مانگ رہے ہیں جس کو گالیاں دیتے ہیں، اب کہتے ہیں لیڈر آف اپوزیشن بننا ہے، اس وقت ہی بن جاتے، عزت و آبرو کے ساتھ اپوزیشن نبھاتے۔
خواجہ آصف نے کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سوچ سمجھ کر نام نہیں دیے۔یہ بات خوش آئند ہے کہ خیبر پختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کی متفقہ طور پر تقرری ہوئی۔ پنجاب میں تحریک انصاف سے بھی بڑھ کر پرویزالٰہی اس عمر میں تمام رشتہ داروں کے خلاف ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر بار بار اعتراض کیا جارہا ہے،محسن نقوی کی تقرری پر ان کا اعتراض کرنا روندا ڈالنے والی بات ہے۔محسن نقوی پرویز الٰہی کے نہایت قریبی رشتہ دار ہیں بلکہ ایک لحاظ سے ان کے داماد ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمارے دیے گئے ناموں میں ایک محسن نقوی اور ایک ایکس گورنمنٹ سرونٹ تھے، محسن نقوی کا نام کسی پلی بارگین معاملے میں گھسیٹا جارہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہوا ہے تو ہم اس کا دفاع نہیں کریں گے،ان پر نیب کا ایک کیس تھا، جس میں ایک ملزم سے انہوں نے قرض لیا تھا جو انہوں نے ایک لیٹر کے ساتھ چیک لگاکر واپس کردیاتھا۔